نیک آباد مراڑیاں میں عید الفطر کا بڑا اجتماع:پیرعثمان افضل قادری کا خصوصی خطاب

گجرات:یا اللہ پاک امت کی خیر فرما۔ یا اللہ پاک ہمارے پیارے وطن پاکستان کی حفاظت فرما۔ نیک آباد مراڑیاں شریف گجرات میں عید الفطر کے عظیم الشان اجتماع سے روحانی رہنما اور مفتی اسلام پیر عثمان افضل قادری کا خطاب و دعا۔ اس موقع پر ہزاروں غلامان رسول نے عقیدت واحترام کےساتھ شرکت کی اور نماز عید الفطر ادا کی۔ اجتماعی دعا میں ملک وملت اور افواج پاکستان کےلئے خصوصی دعائیں کی گئی۔ روحانی رہنما اور مفتی اسلام پیر عثمان افضل قادری سجادہ نشین نیک آباد مراڑیاں شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کریم اس عید کو امت مسلمہ کےلئے مبارک فرمائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عیدالفطر اللہ رب العالمین کے فضل وکرم اور عبادات رمضان کے انعامات حاصل کرنے کادن ہے۔ یہ دن آتا ہے تو اللہ تعالیٰ فرشتوں کے سامنے اپنے بندوں پر فخر کرتے ہیں اور فرماتے ہیں کہ اے میرے فرشتو! اس شخص کی کیا جزاءہے جو اپنا کام مکمل کر دے؟ فرشتے عرض کرتے ہیں: اسکی جزاءیہ ہے کہ اس کو پورا اجرو ثواب عطا کیا جائے۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں: اے فرشتو! میرے بندوں اور بندیوں نے اپنا فرض ادا کیا پھر وہ نماز عید کی صورت میں دعاءکےلئے نکل آئے ہیں، مجھے میری عزت و جلال، میرے کرم اور میرے بلند مرتبہ کی قسم! میں ان کی دعاﺅں کو ضرو ر قبول کروں گا۔ پھر رب ذولجلال فرماتے ہیں: بندو! تم گھروں کو لوٹ جاﺅ میں نے تمہیں بخش دیا اورتمہارے گناہوں کو نیکیوں میں بد ل دیا۔ پھر وہ بندے عید کی نماز سے لوٹتے ہیں جبکہ ان کے گناہ معاف ہوچکے ہوتے ہیں۔ نماز عید کے بعد امت مسلمہ کے مرحومین کےلئے اور خصوصا پیشوائے اہلسنت حضرت پیر محمد افضل قادری کے درجات کی بلندی کےلئے بھی دعائیں کی گئی۔ بعد ازاں پیر عثمان افضل قادری، پیر صدیق افضل قادری، پیر حسنین افضل قادری، صاحبزادہ محمد نیک عالم قادری، صاحبزادہ محمد علی قادری نے عقیدتمندوں سے ملاقاتیں کیں۔