گجرات: وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی معاون برائے فوڈ سیفٹی و کنزیومر پروٹیکشن محترمہ سلمیٰ بٹ نے نگہبان رمضان بازار جی ٹی روڈ گجرات میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو رمضان المبارک میں زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر عوامی خدمت کے ویژن پر عمل پیرا ہے۔ اسی مقصد کے تحت نگہبان رمضان راشن کارڈز اور رمضان سہولت بازاروں کے ذریعے شہریوں کو اشیائے ضروریہ رعایتی نرخوں پر فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صوبہ بھر میں 75 رمضان سہولت بازار قائم کیے گئے ہیں جہاں سرکاری طور پر مقررہ نرخوں سے بھی کم قیمتوں پر اشیا دستیاب ہیں۔محترمہ سلمیٰ بٹ نے کہا کہ اوورچارجنگ کے خلاف حکومت زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کر رہی ہے اور ضلع گجرات میں بھی اوورچارجنگ پر متعدد ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں۔ انہوں نے گجرات کے رمضان سہولت بازار میں تاجر برادری کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ باہمی تعاون سے یہاں ایک مثالی مارکیٹ قائم کی گئی ہے جہاں شہریوں کو معیاری اشیائ مناسب قیمتوں پر دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گجرات میں بیسن سب سے کم قیمت پر دستیاب ہے جو قابلِ تحسین ہے۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور انجمن تاجران گجرات کی کاوشوں کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ تاجروں نے اپنی مدد آپ کے تحت عوام کو مزید سہولیات فراہم کی ہیں اور یہ رمضان سہولت بازار واقعی قابلِ ستائش ہے جہاں روزانہ ہزاروں شہری مستفید ہو رہے ہیں۔محترمہ سلمیٰ بٹ نے مزید بتایا کہ گجرات میں 11 نگہبان دسترخوان “مریم کے مہمان دسترخوان” کے نام سے قائم کیے گئے ہیں جہاں مستحق افراد کو باعزت طریقے سے کھانا فراہم کیا جا رہا ہے۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صبا سحر، اے ڈی سی فنانس اینڈ پلاننگ ذوالفقار احمد، اسسٹنٹ کمشنر گجرات عبدالقدیر زرکون سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ خصوصی معاون نے ڈپٹی کمشنر گجرات اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔