سرکاری افسران کا پیٹرول پمپس کا دورہ ‘ دستیابی اور ذخیرہ کا تفصیلی جائزہ

گجرات: اسسٹنٹ کمشنر سرائے عالمگیر فاروق اعظم نے مختلف پیٹرول پمپس کا دورہ کیا اور پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی اور ذخیرہ کرنے کی صلاحیت کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے پیٹرول پمپس پر اسٹوریج کیپیسٹی، موجودہ اسٹاک، یومیہ اوسط فروخت اور مقررہ قیمتوں کو چیک کیا۔ انہوں نے ریکارڈ کا بھی معائنہ کیا اور عملے کو ہدایت کی کہ پیٹرول اور ڈیزل کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آنے دی جائے۔اسسٹنٹ کمشنر فاروق اعظم نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی ہدایات کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل دستیابی اور سرکاری نرخوں پر فروخت کو یقینی بنانے کے لیے مانیٹرنگ کا عمل جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے پیٹرول پمپ مالکان کو ہدایت کی کہ وہ سرکاری قیمتوں کی واضح نمائش کریں اور تمام قواعد و ضوابط پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔محکمہ داخلہ نے پنجاب بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ میں 7 روز کی توسیع کردی۔ چار یا اس سے زائد افراد کے عوامی مقامات پر بغیر اجازت اجتماع پر پابندی ہوگی۔ پنجاب میں ہر قسم کے اسلحہ کی نمائش اور عوامی مقامات پر استعمال پر مکمل پابندی عائد ہے۔ دفعہ 144 کا نفاذ دہشتگردی کے ممکنہ خطرات اور امن عامہ کو لاحق خدشات کے باعث کیا گیا۔