اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے 30 سالہ نوجوان فرخ افضل کے جبری اغوا اور قتل کیس میں گرفتار پولیس کانسٹیبل سیف اللہ کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری مسترد کردی۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس شاہ رخ ارجمند نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے درخواست مسترد کرنے کے احکامات جاری کیے۔یاد رہے کہ نوجوان فرخ افضل کو رواں برس مئی میں اسلام آباد سے اغواء کرکے قتل کردیا گیا تھا۔ مقتول فرخ افضل کی لاش خیبرپختونخوا کے ضلع مردان سے برآمد ہوئی تھی۔تھانہ کوہسار میں درج مقدمے میں 19 سالہ لڑکی ماہ نور شاہد اور خیبرپختونخوا پولیس کے اہلکار سیف اللہ کو گرفتار کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ عدالت ملزمہ ماہ نور شاہد کی ضمانت منظور کرچکی ہے۔