جماعت اسلامی پاکستان نے مہنگائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف راولپنڈی میں بھی دھرنے کا اعلان کردیا۔جماعت اسلامی راولپنڈی کے امیر سید عارف شیرازی نے بتایا کہ راولپنڈی میں بھی مہنگائی کے خلاف احتجاج ہوگا اور دھرنا کل 9 ستمبر سے شروع ہوگا۔انہوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی ہدایت پر راولپنڈی میں دھرنا دیا جائے گا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے اور لیوی ٹیکس کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔سید عارف شیرازی نے کہا کہ جماعت اسلامی کی مہنگائی کے خلاف تحریک جاری ہے، چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں دھرنے جاری ہیں، بڑے شہروں میں عوامی جلسوں کے بعد اب دھرنوں کا سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی میں جماعت اسلامی کا دھرنا 9 ستمبر کو سہ پہر 4 بجے شروع ہوگا، دھرنا لیاقت باغ چوک مری روڈ راولپنڈی میں دیا جائے گا، دھرنے میں مرد، خواتین اور نوجوان بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ دھرنے کی تیاریوں اور انتظامات کے لیے متعدد انتظامی کمیٹیاں قائم کردی گئی ہیں، حکومت ہوش کے ناخن لے اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کرے۔امیر جماعت اسلامی راولپنڈی نے کہا کہ حکومت جماعت اسلامی کی مذاکراتی کمیٹی کی تجاویز پر عمل درآمد یقینی بنائے، حکومت فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی ٹیکس کے خاتمے کا اعلان کرے۔