لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یوم دفاع کے موقع پر پاک فوج کے ہر افسر، جوان، شہداء اور غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم کو اپنی بہادر پاک فوج، پاک فضائیہ اور پاکستان نیوی پر فخر ہے۔اپنے پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ملک کے دفاع اور سلامتی کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں، جبکہ آپریشن ردالفساد میں پاک فوج نے پیشہ ورانہ مہارت کے نئے معیار قائم کیے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کی سلامتی کے لیے دعا گو ہے۔پاک فوج نے ثابت کیا ہے کہ جنگیں صرف ہتھیاروں سے نہیں بلکہ ایمان، یقین، عزم اور حوصلے سے جیتی جاتی ہیں۔مریم نواز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے آج پاکستان مضبوط ہے اور اس کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے۔ پاکستان آج ایک ایٹمی طاقت ہے اور عوام پہلے سے بھی زیادہ پراعتماد ہیں۔انہوں نے کہا کہ دھرتی کے دفاع کے لیے سرحدوں پر سینہ سپر رہنے والے بہادر سپوت پوری قوم کا فخر ہیں۔ عوام اپنی مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان کو درپیش موجودہ چیلنجز قومی اتحاد اور یکجہتی کا تقاضا کرتے ہیں۔ ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے والی دشمن قوتوں کے مذموم عزائم کو پوری قوت، اتحاد اور عزم کے ساتھ ناکام بنانا ہوگا۔