لاہور:بیرون ملک ملازمت اور ویزوں کا جھانسا دے کر ہزاروں افراد کو لوٹنے والے گینگ کے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں تقریباً 25 کروڑ روپے کے فراڈ کا انکشاف ہوا ہے۔ حکام کا اس حوالے سے بتانا ہے کہ گرفتار ملزم ایک معروف اسٹیج اداکارہ کا شوہر بھی ہے ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ یونٹ کے درج مقدمے کے مطابق ’ٹائمز امیگریشن‘ نامی کمپنی کے ذریعے بیرون ملک ملازمتوں اور ویزوں کے نام پر بڑے پیمانے پر فراڈ کیا جا رہا تھا ، جس کے بعد کیس کے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے ایف آئی اے ذرائع کے مطابق کارروائی اسلام آباد اور لاہور کی ٹیموں نے مشترکہ طور پر کی۔ انسپکٹر عبداللہ کیانی کی سربراہی میں جانے والی ٹیم کو گرفتاری کے دوران شدید مزاحمت کا بھی سامنا کرنا پڑا وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) اسلام آباد زون نے کارروائی کرتے ہوئے ایک بڑے نیٹ ورک کے مرکزی ملزم کو گرفتار کیا جو خلیجی ممالک میں نوکریوں اور ویزوں کا جھانسا دے کر لوگوں سے رقم بٹورنے میں ملوث تھا۔