Fri, September 18, 2026 6:49 pm

پیٹرولیم مصنوعات کی مسلسل بڑھتی قیمتیں، گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بڑا اضافہ

کراچی: ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی مسلسل بڑھتی قیمتوں کے پیش نظر گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے کرایوں میں بھی بڑا اضافہ کر دیا گیا ہے۔صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شدید ردعمل دیا۔ویڈیو پیغام میں ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ ہم 7 فیصد گڈز ٹرانسپورٹ کے کرائے بڑھانے کا اعلان کرتے ہیں کیونکہ گزشتہ 7روز کے دوران ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 26روپے 88 پیسے اور پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 20 روپے اضافہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی اور مسلسل اضافے کی پاکستان بھر کے ٹرانسپورٹرز مذمت کرتے ہیں۔ وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ اور تبدیلی کا فیصلہ ناقابل قبول ہے، اسے فوری واپس لیا جائے۔ ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ حکومت کی غلط پالیسیوں سے ہمارا ٹرانسپورٹرز بے روز گار ہو رہا ہے، ہم وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ٹرانسپورٹرز کو سبسڈی دی جائے اور ٹول ٹیکس ود ہولڈنگ ٹیکس سمیت دیگر تمام ٹیکسیز میں ریلیف فراہم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہماری 8 اگست سے 17 اگست تک کی ملک گیر ہڑتال میں جو وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے معاہدے کیے گئے ان پر عمل درآمد کروایا جائے، ہم نے وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتوں کو 40 دن کا ٹائم دیا تھا جو اگلے ہفتے ٹائم ختم ہو رہا ہے۔صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے کہا کہ مقررہ وقت پر معاہدوں پر عملدرآمد نہ ہوا تو پاکستان بھر کے ٹرانسپورٹرز ملک گیر ہڑتال کریں گے۔ اگر گڈز ٹرانسپورٹرز کو حکومت کی جانب سے کوئی ریلیف نہیں ملتا تو پیٹرولیم مصنوعات کی ان قیمتوں میں ہم ٹرانسپورٹ نہیں چلا سکتے۔