Tue, September 15, 2026 2:01 pm

شدید بارشیں اور ممکنہ سیلاب؛ وزیراعظم کی تمام اداروں کو تیار رہنے کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے پیش نظر تمام اداروں کو تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی اور حالیہ مون سون سیزن میں شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے پیشگی انتظامات پر بریفنگ دی۔وزیراعظم نے اس موقع پر ہدایت کی کہ بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں عوام کو ہر ممکن امداد اور ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے بارشوں کے دوران رابطہ سڑکوں اور پلوں پر ٹریفک کی روانی یقینی بنانے اور امدادی سامان کی ترسیل کے لیے متعلقہ محکموں کے ساتھ روابط بڑھانے کی ہدایت بھی کی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے این ڈی ایم اے کو متعلقہ صوبائی اداروں اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کے ساتھ مؤثر رابطہ رکھنے کی ہدایت جاری کی۔ملاقات میں چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر کیے گئے پیشگی انتظامات کے باعث متعلقہ ادارے اس مون سون سیزن کی مؤثر اقدامات کے ساتھ بہتر انداز میں نگرانی کرسکے۔لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے وزیراعظم کو جاری مون سون سیزن کے متوقع رجحان اور صوبوں اور اداروں کے باہمی تعاون سے جاری مجموعی انتظامات کی صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ملک کے طول و عرض میں کسی بھی ہنگامی موسمی صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ ادارے ریسکیو اور ریلیف کے لیے تیار ہیں۔