اسلام آباد: پاکستان اور ترکیہ کے مابین فلسطین پر مشترکہ مؤقف برقرار رکھنے پر اتفاق ہوا ہے۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے گزشتہ شب ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں دونوں وزراء نے دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے علاقائی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ٹیلی فونک گفتگو کے دوران دونوں وزراء نے مسئلہ فلسطین پر اپنے مشترکہ موقف کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے غیر قانونی اسرائیلی بستیوں سے درآمدات پر پابندی اور ان بستیوں سے منسلک خدمات کو محدود کرنے کے برطانیہ کے فیصلے پر 8 عرب و اسلامی ممالک کے مشترکہ بیان کی حمایت کا اظہار کیا۔دونوں وزراء نے برطانیہ اور دیگر یورپی ممالک کی جانب سے ’دو ریاستی حل‘ سے متعلق مشترکہ اعلامیے کی بھی توثیق کی۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی معاملات پر قریبی مشاورت برقرار رکھنے پر زور دیا۔دونوں رہنماؤں نے سعودی عرب اور مصر کے ساتھ ’ریجنل فور‘ (R4) فریم ورک کے ذریعے تعاون سمیت علاقائی معاملات پر مشاورت جاری رکھنے پر زور دیا۔اسحاق ڈار اور ہاکان فیدان نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی (UNGA) کے آئندہ اجلاس کے موقع پر ملاقات کرنے پر اتفاق کیا۔