سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ 11 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق خاران اور واشک میں 6 اور 7 ستمبر کو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، خاران میں دہشت گردوں کی سڑک بلاک کرکے ٹریفک معطل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ کارروائی کے دوران 8 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد ہلاک ہوئے، واشک میں آپریشن کے دوران دہشت گردوں کا ٹھکانہ تباہ کیا گیا اور 3 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے۔بیان کے مطابق واشک آپریشن میں 2.9 ٹن دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا، دہشت گرد دھماکا خیز مواد آئی ای ڈیز کی تیاری میں استعمال کر رہے تھے۔ترجمان پاک فوج نے کہا کہ علاقے میں دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کی کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی۔