سی ایس ایس کے امتحان میں عمر کی بالائی حد اور چانسز بڑھانے کی سفارشات مسترد

سینٹرل سپیریئر سروسز (سی ایس ایس ) کے امتحان میں عمر کی بالائی حد اور چانسز بڑھانے کی سفارشات کو مسترد کر دیا گیا ہے، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور وفاقی پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) نے اس حوالے سے اپنا تحریری موٴقف پارلیمانی کمیٹی کو پیش کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سینیٹ قائمہ کمیٹی کی ذیلی کمیٹی نے سی ایس ایس امتحان کے لیے عمر کی حد 30 سال سے بڑھا کر 35 سال اور شرکت کے مواقع (چانسز) 3 سے بڑھا کر 5 کرنے کی سفارش کی تھی۔ تاہم اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ان سفارشات کو ناقابلِ عمل قرار دیتے ہوئے عمر کی موجودہ حد 30 سال برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق عمر کی حد یا مواقع میں اضافہ کرنا وفاقی حکومت کے پالیسی دائرہ کار میں آتا ہے، جبکہ ایف پی ایس سی صرف حکومت کی منظور شدہ پالیسی پر عمل درآمد کرتا ہے۔ایف پی ایس سی کے 174 ویں اجلاس میں بھی موجودہ پالیسی کو ہی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق عمر اور چانسز بڑھانے سے امیدواروں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوگا، جس سے امتحان کے انعقاد اور کاپیوں کی جانچ پڑتال کا انتظامی بوجھ بڑھ جائے گا۔امیدوار اپنے پیداواری اور قیمتی سال بار بار امتحان دینے میں ضائع کر دیں گے۔زیادہ عمر میں سول سروس جوائن کرنے والے افسران کی موٴثر مدتِ ملازمت کم ہو جائے گی، جس سے طویل مدت کے لیے تجربہ کار افسران کی دستیابی متاثر ہوگی۔