ہیئر ایکسٹینشنز دنیا بھر میں فیشن اور گلیمر انڈسٹری کا اہم حصہ بن چکی ہیں آسٹریلوی ماڈل ایلے میکفارسن، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ اور معروف گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ سمیت کئی مشہور شخصیات بھی انہیں استعمال کر چکی ہیں، جس کے باعث عام افراد میں بھی ان کا رجحان تیزی سے بڑھا ہے بالوں کو گھنا اور پرکشش بنانے کےلیے استعمال ہونے والی ہیئر ایکسٹینشنز سے متعلق ایک چونکا دینے والی تحقیق سامنے آئی ہے، جس میں ان مصنوعات میں صحت کے لیے نقصان دہ اور حتیٰ کہ سرطان سے منسلک کیمیکلز کی موجودگی کا انکشاف کیا گیا ہے ماہرین نے اس حوالے سے ہنگامی انتباہ جاری کرتے ہوئے صارفین کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے یہ ایکسٹینشنز بالوں کو زیادہ گھنا، لمبا اور دلکش دکھانے کا فوری حل سمجھی جاتی ہیں۔ تاہم امریکی ریاست میساچوسیٹس میں قائم سائلنٹ اسپرنگ انسٹیٹیوٹ کے سائنسدانوں نے حالیہ تحقیق میں ان مصنوعات کے اندر کئی خطرناک کیمیکلز کی نشاندہی کی ہے۔ حیران کن طور پر یہ کیمیکلز ان ایکسٹینشنز میں بھی پائے گئے جو انسانی بالوں سے تیار کی جاتی ہیں۔