ڈراما ’آپ کی عزت‘ میں زرملا کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ افشاں خان نے اپنی زندگی کے دو انتہائی تکلیف دہ واقعات سے پردہ اٹھایا ہے۔ اداکارہ نے والدین کی علیحدگی کے بچپن پر پڑنے والے اثرات اور کم عمر بھائی کی حادثاتی موت کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ صدمات آج بھی ان کی زندگی کا حصہ ہیں۔افشاں خان نے ڈرامے میں سیف علی خان کے ادا کیے گئے سبزی فروش بہرام کی اہلیہ کا کردار نبھایا ہے۔ زرملا کے کردار میں ان کی اداکاری اور اسکرین پر موجودگی کو ناظرین کی جانب سے پسند کیا گیا۔ وہ وصی شاہ کے پروگرام میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے اپنی ذاتی زندگی اور پیش آنے والے سانحات کے بارے میں بات کی۔اداکارہ نے بتایا کہ ان کے والد فضائیہ میں ملازمت کرتے تھے اور جب وہ تقریباً آٹھ یا نو سال کی تھیں تو ان کے والدین کی علیحدگی ہوگئی تھی۔ ان کے مطابق والدین کی طلاق کا بچوں کی شخصیت پر گہرا اثر پڑتا ہے۔ اس صورت حال میں بچے اپنا فطری اعتماد کھونے لگتے ہیں اور انہوں نے خود بھی بچپن میں اس کیفیت کو محسوس کیا۔افشاں خان نے اپنی زندگی کا سب سے بڑا صدمہ بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا سب سے چھوٹا بھائی ان سے دس سال کم عمر تھا۔ وہ محض 13 برس کا تھا جب تیراکی کے دوران پیش آنے والے حادثے میں ڈوب کر انتقال کرگیا۔ اداکارہ کے مطابق اس نقصان کا دکھ کبھی ختم نہیں ہوسکتا اور وہ اپنے بھائی کو ہمیشہ یاد رکھیں گی۔انہوں نے اس واقعے کی روشنی میں والدین کو بھی اہم نصیحت کی۔ افشاں خان نے بتایا کہ ان کا بھائی تیراکی کے لیے گیا تھا جبکہ والدین اس کے ساتھ موجود نہیں تھے۔ ان کے بقول یہ اللہ کی مرضی تھی، لیکن والدین کو چاہیے کہ وہ بچوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور انہیں اپنی نگاہوں سے دور نہ ہونے دیں۔