Thu, September 10, 2026 2:02 pm

’ہر مرد کی 4 شادیاں کروانا میرا مشن ہے‘، مفتی طارق مسعود کے بیان پر شوبز شخصیات کا شدید ردعمل

پاکستانی اداکارہ اور سماجی کارکن نادیہ جمیل نے معروف مذہبی اسکالر مفتی طارق مسعود کے شادیوں سے متعلق وائرل بیان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے ’انتہائی خطرناک‘ قرار دے دیا۔سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں مفتی طارق مسعود مردوں کی چار شادیوں کی حوصلہ افزائی کرتے نظر آتے ہیں۔ وائرل کلپ میں وہ کہتے ہیں کہ ان کا مقصد ہر مرد کی چار شادیاں کروانا ہے۔اسی کلپ کے بعض ریمارکس، بالخصوص کم عمر لڑکیوں سے متعلق کہے گئے الفاظ، سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا باعث بنے ہیں۔ڈیجیٹل کریئیٹر اریج جمیل کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو کو نادیہ جمیل نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر دوبارہ شیئر کرتے ہوئے مفتی طارق مسعود کے بیان پر سخت ردعمل دیا۔نادیہ جمیل کا کہنا تھا کہ ایک ایسے معاشرے میں جہاں خواتین کو تشدد، جنسی زیادتی اور قتل جیسے جرائم کا سامنا ہے، اس نوعیت کی گفتگو انتہائی خطرناک ہے۔اداکارہ نے اسے خواتین کے خلاف نفرت کو مزید ہوا دینے والی گفتگو قرار دیا۔مفتی طارق مسعود کے وائرل کلپ پر اداکارہ عائشہ عمر، متھیرا اور ژالے سرحدی سمیت متعدد سوشل میڈیا صارفین نے بھی غصے اور تشویش کا اظہار کیا جبکہ بعض صارفین نے ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔