فادرز ڈے پر علی گل پیر کے گھر خوشیوں کی آمد، بیٹے کے باپ بن گئے

معروف مزاحیہ فنکار، گلوکار اور کانٹینٹ کری ایٹر علی گل پیر کے گھر فادرز ڈے کے موقع پر خوشیوں نے دستک دے دی، جہاں ان کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔ گلوکار نے یہ خوشخبری اپنے مداحوں کے ساتھ سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے والد بننے کی خوشی کا اظہار کیا۔’وڈیرے کا بیٹا‘ جیسے مقبول گانے سے شہرت حاصل کرنے والے علی گل پیر نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اہلیہ اور نومولود بیٹے کے ہمراہ اسپتال سے تصاویر جاری کیں۔ انہوں نے اس نئے سفر کو اپنی زندگی کی بڑی نعمت قرار دیتے ہوئے اہلیہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔علی گل پیر سماجی اور سیاسی موضوعات پر منفرد مزاحیہ انداز میں تبصرے اور کانٹینٹ بنانے کے لیے پہچانے جاتے ہیں، جبکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر ان کے مداحوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔علی گل پیر نے ڈاکٹر عظیمہ ناخدا سے شادی کی تھی، دونوں اپنی نجی زندگی کے مختلف لمحات بھی مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے رہتے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق جوڑے نے رواں سال عیدالاضحیٰ کے موقع پر اپنے پہلے بچے کی آمد کی خبر مداحوں کو دی تھی۔اب فادرز ڈے کے موقع پر والد بننے کا اعلان کرتے ہوئے علی گل پیر نے اپنی خوشی سب کے ساتھ بانٹی، جس کے بعد مداحوں اور شوبز سے وابستہ شخصیات کی جانب سے انہیں مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔