میں نے ملائیشیا جانے کیلئے اپنے کیریئر کا ایک بہترین موقع گنوایا: ٹیپو شریف

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار ٹیپو شریف نے انکشاف کیا ہے کہ میں نے ملائیشیا جانے کے لیے اپنے کیریئر کا اچھا موقع چھوڑ دیا تھا۔ٹیپو شریف نے حال ہی میں ایک یوٹیوب چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے مختلف موضوعات پر دلچسپ گفتگو کی۔اُنہوں نے پروگرام کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ میں نے ملائیشیا جانے کے لیے ایک نجی ٹی وی کے مشہور ڈرامے میں مرکزی کردار کی پیشکش ٹھکرا دی تھی۔اداکار نے بتایا کہ مجھے ڈرامہ سیریل ’میرے قتیل میرے دلدار‘ میں مرکزی کردار کی پیشکش ہوئی تھی جسے بعد میں احسن خان نے ادا کیا تھا اور بہت ہی شاندار طریقے سے نبھایا۔اُنہوں نے مزید بتایا کہ میں یہ بات تسلیم کرتا ہوں کہ میں نے بطور ہیرو اپنی پہچان بنانے کا ایک بہترین موقع گنوا دیا، اب میں ہیرو نہیں ہوں اور مجھے نہیں معلوم کہ میں دوبارہ کبھی ہیرو کا کردار ادا کروں گا یا نہیں۔ٹیپو شریف نے بتایا کہ لیکن میں اس بات کا یقین دلاتا ہوں کہ میرے کیریئر کی یہ دوسری اننگز پچھلی اننگز سے کہیں زیادہ بہتر ہے کیونکہ اداکاری کا یہ مرحلہ بطور ہیرو نظر آنے سے بہت بہتر ہے اور لوگ اکثر مجھے یہ کہتے بھی ہیں کہ میں بہت اچھا کام کر رہا ہوں۔