اسلام آباد: وفاقی حکومت نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے سینئر مشیرکی اہم تقرری کیلیے وزارتی کمیٹی تشکیل دیدی ہے،جو وزارتِ خزانہ کی جانب سے تجویزکیے گئے تین امیدواروں کے انٹرویوزکے بعدحتمی نام کاانتخاب کریگی۔وزارتِ خزانہ کے حکام کے مطابق تینوں امیدوار طویل عرصے سے وزارت میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ نامزدامیدواروں میں جوائنٹ سیکریٹری بجٹ مریم کیانی، جوائنٹ سیکریٹری ایکسٹرنل فنانس معظم رضااوردیگر غیر ملکی مالیاتی اداروں سے متعلق امور دیکھنے والے جوائنٹ سیکریٹری ندیم احسن شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق وزارتِ خزانہ نے مریم کیانی کے نام کو ترجیح دی تھی، تاہم وزیراعظم آفس نے معاملہ وزارتی کمیٹی کے سپردکرتے ہوئے میرٹ کی بنیاد پر بہترین امیدوارکے انتخاب کافیصلہ کیاہے،انٹرویوزکاعمل رواں ماہ شروع ہونے کاامکان ہے۔