گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈاون میں تیزی، 650افراد کی گرفتاریاں

چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیرِ صدارت ہونے والے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں صوبے بھر میں 16 بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور ان کی دستیابی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری نے ڈویڑنل کمشنر کو راولپنڈی میں نئی سبزی منڈی کے قیام کے لیے فوری طور پر موزوں جگہ کی نشاندہی کرنے کا حکم بھی جاری کیاوزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر رمضان المبارک کے دوران عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی کیلئے پنجاب حکومت نے پرائس کنٹرول اقدامات کے سلسلے میں کارکردگی کی بنیاد پر تمام اضلاع کی درجہ بندی (رینکنگ) کرنے کا فیصلہ کیا ہے اجلاس کے دوران حکام کی جانب سے دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ موثر انتظامی اقدامات کی بدولت صوبے میں اشیاءخورونوش کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے اور اب تک ‘نگہبان رمضان بازاروں ‘ سے 47 لاکھ 50 ہزار سے زائد افراد مستفید ہو چکے ہیں، ان بازاروں کے ذریعے عوام کو اب تک 4 کروڑ 27 لاکھ روپے کا براہِ راست مالی ریلیف فراہم کیا گیا ہے، جہاں آٹا، چینی، چکن اور سبزیاں عام مارکیٹ کے مقابلے میں سستے داموں دستیاب ہیں۔سیکرٹری فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ نے بتایا کہ صوبے بھر میں اس وقت 421 مقامات پر ‘نگہبان رمضان دسترخوان’ فعال ہیں جہاں روزانہ ایک لاکھ 25 ہزار سے زائد افراد کے لیے افطار کا انتظام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اوپن مارکیٹ میں آٹے کی فراہمی برقرار رکھنے کے لیے 9 لاکھ 76 ہزار سے زائد تھیلوں کی سپلائی یقینی بنائی گئی ہے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اب تک قیمتوں کو کنٹرول کرنے پر انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا ہے، تاہم انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اسی محنت اور جذبے کے ساتھ کام جاری رکھیں کیونکہ عوام کو ریلیف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے
۔۔۔۔۔۔۔۔