معدے میں تیزابیت ایک ایسا عام مسئلہ ہے جس کا سامنا متعدد افراد کو ہوتا ہے۔درحقیقت ان کے لیے یہ دائمی مسئلہ بن جاتا ہے اور کھانے کے فوری بعد تیزابیت محسوس ہونے لگتی ہے اور کچھ کو سینے میں جلن یا معدے میں بھاری پن کا احساس ہوتا ہے۔اس سے روزمرہ کی زندگی کافی زیادہ متاثر ہوتی ہے۔یہی وجہ ہے کہ اس مسئلے کی جڑ پر قابو پانے کی ضرورت ہوتی ہے اور غذا اس حوالے سے اہم ہوتی ہے۔معدے میں تیزابیت کو کنٹرول کرنے کے لیے ضروری ہے کہ معدے کو پرسکون کیا جائے اور ورم کو کم کیا جائے۔تو ایسی غذاؤں اور مشروبات کے بارے میں جانیں جو معدے کو سکون پہنچانے، ہاضمہ بہتر بنانے اور تیزابیت کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے مفید ہیں۔
ادرک کا پانی
ادرک کا پانی بھی اس مسئلے پر قابو پانے کے لیے بہترین ثابت ہوسکتا ہے۔ادرک ورم کش ہوتا ہے اور اس کا پانی معدے کو سکون پہنچاتا ہے اور اندرونی افعال کو بہتر بناتا ہے۔ماہرین کے مطابق دن بھر میں ایک سے 2 کپ ادرک کا پانی پینا بہتر ہے۔
ناریل کا پانی
ناریل کا پانی الیکٹرولائٹس سے بھرپور ہوتا ہے اور یہ تیزابیت کو کنٹرول کرکے جلن میں کمی لاتا ہے۔اس کا ایک گلاس دن بھر میں پینا کافی ہوتا ہے۔
ایلو ویرا جوس
ایلو ویرا کا جوس معدے کو پرسکون کرتا ہے اور متاثرہ حصوں کی مرمت کرتا ہے۔دن بھر میں ایک بار 30 ملی لیٹر جوس کو پانی میں ملا کر خالی پیٹ پینا چاہیے۔
جو کا دلیہ
جو کا دلیہ فائبر سے بھرپور ہوتا ہے اور فائبر وہ غذائی جز ہے جو نظام ہاضمہ کے لیے بہترین قرار دیا جاتا ہے۔ناشتے میں اس دلیے کا استعمال معدے میں تیزابیت پر قابو پانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ اضافی تیزابیت کو جذب کرتا ہے اور ہاضمے کو مستحکم کرتا ہے۔
کیلے
اس پھل میں فائبر کی ایک قسم pectin ہوتی ہے جو غذائی نالی سے غذا کے گزرنے کا عمل ہموار کرتی ہے۔اس طرح معدے میں تیزابیت میں کمی آتی ہے۔اس حوالے سے دن بھر میں ایک کیلے کا استعمال مفید ہوتا ہے۔نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔