وہ مزیدار چیز جسے کھانے کی عادت لمبے عرصے تک جوان رکھ سکتی ہے

اگر آپ عمر میں اضافے کے ساتھ بڑھاپے کی جانب سفر کو سست کرنا چاہتے ہیں تو ایک مزیدار غذا کا استعمال مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔جرنل ایجنگ میں شائع ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ڈارک چاکلیٹ کھانے کی عادت حیاتیاتی عمر میں اضافے کی رفتار کو سست کرسکتی ہے۔خیال رہے کہ ویسے تو ہر فرد کی عمر کا تعین تاریخ پیدائش (کرانیکل ایج) سے کیا جاتا ہے مگر طبی لحاظ سے ایک حیاتیاتی عمر (بائیولوجیکل ایج) بھی ہوتی ہے جو جسمانی اور ذہنی افعال کی عمر کے مطابق ہوتی ہے۔جینز، طرز زندگی اور دیگر عناصر اس حیاتیاتی عمر پر اثرات مرتب کرتے ہیں اور یہ عمر جتنی زیادہ ہوگی مختلف امراض کا خطرہ بھی اتنا زیادہ بڑھ جائے گا۔اس تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ڈارک چاکلیٹ میں موجود ایک نباتاتی مرکب Theobromine بڑھاپے کی جانب سفر کرنے کی خصوصیات رکھتا ہے۔تحقیق کے مطابق یہ نباتاتی مرکب حیاتیاتی عمر کی رفتار کو سست کر دیتا ہے۔اس تحقیق میں برطانیہ سے تعلق رکھنے والے 509 جبکہ جرمنی سے تعلق رکھنے والے 1160 افراد کو شامل کیا گیا۔ان افراد کے خون کے نمونوں میں اس نباتاتی مرکب کی سطح کا جائزہ لیا گیا۔تحقیق میں دریافت ہوا کہ جن افراد کے خون میں اس مرکب کی سطح زیادہ تھی، ان کی حیاتیاتی عمر، اصل عمر کے مقابلے میں کم تھی۔محققین نے ان افراد کی حیاتیاتی عمر کا جائزہ ڈی این اے میں موجود کروموسومز کے ٹیلومیئرز کی لمبائی سے کیا۔خیال رہے کہ ٹیلومیئرز کروموسومز کے ایسے حفاظتی کیپس (caps) ہوتے ہیں جو ڈی این اے کو نقصان سے بچاتے ہیں۔اگر ٹیلومیئرز کی لمبائی مختصر ہوجائے تو بڑھاپے کی جانب سفر تیز ہوجاتا ہے۔ڈارک چاکلیٹ کے استعمال کو اس سے قبل بھی صحت کے لیے متعدد فوائد سے منسلک کیا گیا ہے۔مثال کے طور پر اسے کھانے سے دل کی صحت بہتر ہوتی ہے۔محققین نے بتایا کہ تحقیق کے نتائج کافی دلچسپ ہیں مگر اس حوالے سے مزید تحقیقی کام کی ضرورت ہے تاکہ اس مرکب اور حیاتیاتی عمر کے بارے میں مکمل تفصیلات سامنے آسکے۔ان کا کہنا تھا کہ تو لوگوں کو چاکلیٹ کچھ مقدار میں ہی کھانا چاہیے۔محققین کے مطابق تحقیق کے نتائج سے ڈارک چاکلیٹ کو کھانے کی عادت اور زیادہ لمبے عرصے تک جوان رہنے کے درمیان تعلق ثابت ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم یہ نہیں کہہ رہے کہ آپ زیادہ ڈارک چاکلیٹ کھانا شروع کر دیں مگر یہ ضرور علم ہوتا ہے کہ روزمرہ کی غذائیں صحت مند اور طویل زندگی کی کنجی ثابت ہوسکتی ہیں۔