پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کی خصوصی تقریب، حمزہ تاج میزبان تھے

پیرس : پیرس میں پاکستان کے مثبت تشخص، امن، محبت، مہمان نوازی اور ثقافتی روایات کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے ایک پروقار اور خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سفیرِ پاکستان ممتاز زہرا بلوچ، فرانسیسی سینیٹر راشد تیمال، ڈسکور پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر قیصر رفیق، پیرس سے ملحقہ دس بڑے شہروں کے مئیرز، ڈپٹی مئیرز ، سفارتی نمائندوں، پاکستانی و فرانسیسی کاروباری شخصیات اور دونوں ممالک کی کمیونٹیز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس خصوصی تقریب کا اہتمام پاکستان بزنس فورم فرانس و یورپ کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر حمزہ تاج نے کیا۔ ان کی میزبانی میں منعقد ہونے والی اس تقریب کا مقصد پاکستان کے مثبت تشخص کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا، فرانسیسی شخصیات کے پاکستان سے متعلق مثبت تجربات کو سامنے لانا اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی، تجارتی روابط اور ثقافتی تعاون کو مزید فروغ دینا تھا۔پاکستان بزنس فورم فرانس و یورپ کی خصوصی دعوت پر ڈسکور پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر قیصر رفیق نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں سفیرِ پاکستان ممتاز زہرا بلوچ اور فرانسیسی سینیٹر راشد تیمال سمیت اہم شخصیات کی موجودگی نے اس اجتماع کو سفارتی اور سماجی اعتبار سے خصوصی اہمیت دی۔تقریب کی ایک نمایاں خصوصیت پاکستانی اور فرانسیسی کمیونٹی کی غیر معمولی شرکت تھی۔ منتظمین کے مطابق پہلی مرتبہ پیرس میں پاکستان اور فرانس کی دونوں کمیونٹیز نے اس نوعیت کی تقریب میں اتنی بڑی تعداد میں شرکت کی، جس سے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان بڑھتے ہوئے روابط، باہمی دلچسپی اور دوستی کے جذبے کی عکاسی ہوئی۔تقریب کے دوران سفیرِ پاکستان ممتاز زہرا بلوچ سمیت اہم شخصیات نے پاکستان اور فرانس کے دوستانہ تعلقات، عوامی روابط اور باہمی تعاون کی اہمیت پر اظہارِ خیال کیا۔ پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے، دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کو فروغ دینے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا گیا۔فرانس کے دس شہروں سے تعلق رکھنے والے مئیرز اور بلدیاتی نمائندوں نے اپنے حالیہ دورہ پاکستان کے تجربات شرکاء کے ساتھ شیئر کیے۔ انہوں نے پاکستان کے عوام کی محبت، خلوص اور غیر معمولی مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے اپنے دورے کو خوشگوار اور یادگار تجربہ قرار دیا۔ ان کے مطابق پاکستان کے بارے میں ان کے ذاتی مشاہدات نے ملک کی ثقافت، خوبصورتی اور عوام کے دوستانہ رویے کا ایک مثبت پہلو ان کے سامنے پیش کیا۔فرانسیسی سینیٹر راشد تیمال نے بھی تقریب میں اپنی شرکت کے ذریعے پاکستان اور فرانس کے درمیان تعلقات اور دونوں ممالک کی کمیونٹیز کے باہمی روابط کی اہمیت کو نمایاں کیا۔ اس موقع پر فرانسیسی اور پاکستانی شخصیات نے باہمی تعاون، سماجی ہم آہنگی اور عوامی سطح پر دوستی کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیا۔ڈسکور پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر قیصر رفیق کی شرکت بھی تقریب کا اہم حصہ رہی۔ اس موقع پر پاکستان کے سیاحتی مقامات، ثقافت، قدرتی حسن اور مثبت پہلوؤں کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کی اہمیت اجاگر کی گئی۔ پاکستان کی سیاحت اور بین الاقوامی سطح پر اس کی شناخت کو فروغ دینے کے لیے ایسی تقریبات کو اہم ذریعہ قرار دیا گیا۔پاکستان بزنس فورم فرانس و یورپ کے سینئر نائب صدر اور تقریب کے منتظم ڈاکٹر حمزہ تاج نے اس اجتماع کے ذریعے پاکستانی اور فرانسیسی شخصیات کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی کاوش کی۔ تقریب میں شریک شخصیات نے دونوں ممالک کے درمیان کاروباری، ثقافتی، سفارتی اور عوامی روابط کو مزید وسعت دینے کے لیے اس طرح کے اجتماعات کے تسلسل کی اہمیت پر بھی زور دیا۔تقریب میں شریک پاکستانی اور فرانسیسی کاروباری شخصیات اور کمیونٹی نمائندوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور فرانس کے تعلقات کو صرف سفارتی سطح تک محدود رکھنے کے بجائے تجارت، سرمایہ کاری، سیاحت، ثقافت اور عوامی روابط کے ذریعے مزید مضبوط بنایا جانا چاہیے۔پیرس میں منعقد ہونے والی یہ خصوصی تقریب نہ صرف پاکستان کے مثبت تشخص کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی ایک اہم کاوش ثابت ہوئی بلکہ پاکستانی اور فرانسیسی کمیونٹی کے بڑے اجتماع، فرانسیسی مئیرز اور اہم شخصیات کی شرکت نے دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور عوامی روابط کے فروغ کا ایک نمایاں پیغام بھی دیا۔تقریب میں ڈسکور پاکستان کے سی ای او ڈاکٹر قیصر رفیق نے پاکستان کا دورہ کرنے والے فرانسیسی مئیرز اور سینیٹر راشد تیمال کو شیلڈ ز پیش کیں ، پاکستان کا دنیا بھر میں مثبت امیج اجاگر کرنے پر سفیر پاکستان ممتاز زہرا بلوچ نے ڈاکٹر قیصر رفیق کو شیلڈ پیش کی۔