انڈونیشیا: فیکٹری میں آتشزدگی سے ہلاکتوں کے بعد 36 لاپتہ افراد کی تلاش جاری

انڈونیشیا میں ایک فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی کے بعد امدادی ٹیموں نے ملبے میں پھنسے افراد کی تلاش کا آپریشن شروع کر دیا ہے۔واقعے میں ابتدائی طور پر 3 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے، جبکہ 36 افراد تاحال لاپتہ ہیں، جن کے بارے میں خدشہ ہے کہ وہ آگ لگنے کے بعد عمارت کے اندر پھنس گئے۔آگ ہفتے کی سہ پہر صوبہ بنتن کے شہر سرنگ کے علاقے چیکانڈے میں واقع کینڈی بنانے والی فیکٹری میں لگی، جہاں دودھ سے بنی مٹھائیاں اور دیگر مصنوعات تیار کی جاتی ہیں۔آگ نے تین منزلہ فیکٹری کے بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جبکہ عمارت کی چھت کے کچھ حصے بھی گر گئے۔ریسکیو حکام کے مطابق 15 افراد کو زندہ بچا لیا گیا، جن میں 4 زخمی ہیں، جبکہ 36 کارکن تاحال لاپتہ ہیں۔ آگ کے بعض حصوں میں مسلسل شعلے اور شدید گرمی ریسکیو اہلکاروں کے لیے ملبے میں داخل ہونے اور تلاش کا عمل جاری رکھنے میں رکاوٹ بن رہی ہے۔حکام نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں، تاہم ابتدائی طور پر کسی حتمی وجہ کی تصدیق نہیں ہوسکی۔ ریسکیو ٹیمیں، فائر فائٹرز اور امدادی ادارے لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں، جبکہ متاثرہ کارکنوں کے اہل خانہ فیکٹری کے باہر اپنے پیاروں کی خبر کے منتظر ہیں۔