اسلام آباد: پاکستان اور سوڈان نے سکیورٹی، داخلی امور، سائبر کرائم، پولیس ٹریننگ اور ادارہ جاتی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل بابکر سمرہ مصطفیٰ علی نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری سے ملاقات کی، جس میں وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔ملاقات میں سائبر کرائم کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ سوڈانی وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ سائبر کرائم کے شعبے میں پاکستان کی مہارت اور تجربے سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان سوڈان میں قیام امن اور تعمیر نو کے عمل میں ہر قسم کا تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ سوڈان میں نادرا کے تعاون سے 3 کروڑ 60 لاکھ شہریت کارڈز، 90 لاکھ قومی شناختی کارڈز، ایک کروڑ 80 لاکھ پیدائشی اور 5 لاکھ ڈیتھ سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سول رجسٹریشن کے عمل میں آئندہ بھی تعاون کے لیے نادرا ہمہ وقت تیار ہے۔سوڈانی وزیر داخلہ کے استفسار پر محسن نقوی نے پاکستان میں مقیم شادی شدہ سوڈانی خواتین کے ویزا مسائل فوری حل کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سوڈان کو پولیس افسران کی پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ سوڈانی شہری پاکستان میں طبی سہولیات سے استفادہ کر سکتے ہیں، صحت کے شعبے میں انہیں ہر ممکن سہولت اور آسانی فراہم کی جائے گی۔سوڈان کے وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان ہمارا برادر ملک ہے اور ہم پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کی جانب سے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ملاقات میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، اسپیشل سیکرٹری اور ایڈیشنل سیکرٹریز داخلہ، چیئرمین نادرا، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی اے این ایف، آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری، ڈی جی نیشنل فرانزک ایجنسی، کمانڈنٹ این پی اے، ڈی جی این سی سی آئی اے، ڈی جی پاسپورٹ، چیئرمین سوشل میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی، چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد پولیس بھی موجود تھے۔