رینجر اہلکار کو گاڑی کے نیچے کچلنے کے مقدمے میں نامزد ملزم نئے کیس میں گرفتار

اسلام آباد: انسداد دہشت گردی عدالت نے 26 نومبر پی ٹی آئی احتجاج کے دوران رینجرز اہلکار کو گاڑی تلے کچلنے کے مقدمے میں نامزد ملزم محمد ہاشم عباسی کا نئے مقدمے میں 6 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
اے ٹی سی جج طاہر عباس سپرا نے ملزم کا جسمانی ریمانڈ منظور کیا۔ تفتیشی افسر نے ملزم کے 30 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔عدالت کے تحریری حکم نامے کے مطابق ملزم کو تھانہ ترنول میں 5 اکتوبر 2024 کو درج مقدمے میں تتمہ بیان کی روشنی میں گرفتار کیا گیا۔ مقدمے میں تقریباً 300 سے 350 ملزمان نامزد ہیں۔دوران سماعت وکیل صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم کو بلاجواز مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے اور اسے وقوعے سے جوڑنے کے لیے کوئی مواد موجود نہیں۔ ملزم کو گزشتہ رات گھر سے اٹھایا گیا، لہٰذا اسے مقدمے سے ڈسچارج کیا جائے۔عدالت نے تحریری حکم نامے میں قرار دیا کہ مقدمے میں شامل دفعات سنگین نوعیت کی ہیں اور ان کی تفصیلی تفتیش درکار ہے۔ تفتیش اور برآمدگی ابھی باقی ہے جبکہ تفتیش کے لیے مناسب موقع دینا قانونی تقاضا ہے۔عدالت نے ملزم محمد ہاشم عباسی کو 12 نومبر 2026 کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

خاص خبریں