زیورخ : منہاج القرآن انٹرنیشنل سوئٹزرلینڈ کے زیرِ اہتمام زیورخ میں سالانہ سیرت النبی ﷺ کانفرنس نہایت عقیدت و احترام اور روحانی ماحول میں منعقد ہوئی، جس میں سوئٹزرلینڈ کے مختلف شہروں سمیت بیرونِ ملک سے آئے ہوئے عاشقانِ رسول ﷺ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
محفل کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد مقامی اور بیرونِ ملک سے تشریف لانے والے ثنا خوانانِ مصطفیٰ ﷺ نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں ہدیۂ نعت اور گلہائے عقیدت پیش کیے۔ درود و سلام اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ کی صداؤں سے محفل کا ماحول عقیدت و محبت سے معمور رہا۔
کانفرنس کے خصوصی مہمان برطانیہ سے تشریف لانے والے نوجوان مذہبی اسکالر علامہ ہارون عباسی الاظہری تھے، جنہوں نے سیرت النبی ﷺ کے موضوع پر خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے دینِ اسلام، عقیدۂ توحید اور اسلامی نظریے کے مفہوم و اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے توحید کے مقام و مقصد اور ایک مسلمان کی عملی زندگی میں مضبوط عقیدے کی اہمیت کو تفصیل سے بیان کیا۔علامہ ہارون عباسی الاظہری نے سیرتِ رسول اکرم ﷺ کے فضائل و کمالات پر مدلل انداز میں روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حضور نبی کریم ﷺ کی مبارک سیرت پوری انسانیت کے لیے کامل ضابطۂ حیات اور سرچشمۂ ہدایت ہے۔انہوں نے بالخصوص دیارِ غیر میں مقیم مسلمانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم اپنی اور اپنی آنے والی نسلوں کی زندگیوں کو بہتر بنانا چاہتے ہیں تو ہمیں اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول ﷺ کے احکامات کو اپنی عملی زندگیوں میں اپنانا ہوگا۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنی اولاد کو اسلامی تعلیمات، اخلاقی اقدار اور سیرتِ مصطفیٰ ﷺ سے مضبوطی کے ساتھ جوڑیں تاکہ نئی نسل مغربی معاشرے میں رہتے ہوئے اپنی دینی و اخلاقی شناخت برقرار رکھ سکے۔کانفرنس کے دوران سعودی عرب سے تشریف لانے والے سید محمود الحسن شاہ نے شرکائے محفل کو حضور نبی اکرم ﷺ سے منسوب موئے مبارک کی زیارت بھی کروائی۔ اس موقع پر شرکاء نے انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا۔نمازِ مغرب کی ادائیگی کے بعد اجتماعی طور پر درود و سلام پڑھا گیا، جس کے بعد خصوصی دعا کی گئی۔ دعا میں امتِ مسلمہ کی سلامتی، عالمِ اسلام میں امن و استحکام، دیارِ غیر میں مقیم مسلمانوں اور بالخصوص نئی نسل کے ایمان، کردار اور دینی وابستگی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔اس سالانہ کانفرنس کے کامیاب انعقاد کے لیے منہاج القرآن انٹرنیشنل سوئٹزرلینڈ کی پوری ٹیم نے بھرپور محنت اور تعاون کیا۔ تنظیم کے صدر ارشد سیٹھی کی قیادت میں زاہد فاروق، راجہ ارشد، عمران مزمل، محمد اقبال، عبد الستار، حاجی خادم حسین اور دیگر احباب نے پروگرام کے انتظامات، شرکاء کی میزبانی اور محفل کو کامیاب بنانے میں بھرپور کردار ادا کیا۔ شرکائے محفل کے لیے کھانے اور لنگرِ محمدی ﷺ کے خصوصی انتظامات میں سعید احمد صاحب سپائس ولیج ریسٹورنٹ کا تعاون بھی قابلِ ذکر رہا۔سالانہ سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا اختتام لنگرِ محمدی ﷺ کی تقسیم کے ساتھ ہوا۔ شرکاء نے منہاج القرآن انٹرنیشنل سوئٹزرلینڈ کی جانب سے دیارِ غیر میں قرآن و سنت اور سیرتِ مصطفیٰ ﷺ کے پیغام کو عام کرنے اور نئی نسل کو دین سے جوڑنے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔