لندن: پاکستانی نژاد امریکی سائنسدان اور Avlon Industries کے چیئرمین ڈاکٹر سید علی نقی ان دنوں کاروباری اور تجارتی سرگرمیوں کے سلسلے میں برطانیہ کے دورے پر ہیں۔ اپنے دورۂ برطانیہ کے دوران انہوں نے لوٹن کا بھی دورہ کیا اور لوٹن ٹاؤن ہال میں میئر آف لوٹن کونسلر جاوید حسین سے ملاقات کی۔ٹاؤن ہال آمد پر میئر آف لوٹن کونسلر جاوید حسین نے ڈاکٹر سید علی نقی کا استقبال کیا۔ اس موقع پر لارڈ قربان حسین، پاکستان پریس کلب یوکے کے سنیئر نائب صدر شیراز خان،پروفیسر حفیظ خان اور معروف مذہبی و سماجی شخصیت حاجی چوہدری قربان حسین بھی موجود تھے۔اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر سید علی نقی نے کونسلر جاوید حسین کو میئر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں پاکستانی اور کشمیری ڈائسپورہ کا کردار منفرد اور قابلِ تحسین ہے۔ پاکستانی و کشمیری کمیونٹی نے کاروبار، ملازمت، محنت مزدوری اور مختلف شعبہ ہائے زندگی میں خدمات انجام دینے کے ساتھ ساتھ برطانوی سیاست میں بھی نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی و کشمیری نژاد برطانوی شہری نہ صرف برطانیہ کی معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ مقامی کونسلوں سے لے کر پارلیمنٹ اور دیگر اہم اداروں تک فیصلہ سازی کے عمل میں بھی مؤثر کردار ادا کر رہے ہیں۔ڈاکٹر سید علی نقی نے لارڈ قربان حسین کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان جیسی شخصیات نئی نسل کے لیے رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کے نوجوانوں کو بھی آگے بڑھ کر برطانوی معاشرے اور سیاست میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔اس موقع پر لارڈ قربان حسین نے لوٹن اور برطانیہ بھر میں مقامی کونسلوں کے کردار اور برطانوی پارلیمنٹ، ہاؤسز آف پارلیمنٹ کے جمہوری نظام میں اہم کردار کو قابلِ فخر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مقامی حکومتیں کمیونٹی کے مسائل کے حل اور جمہوری عمل کو مضبوط بنانے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔
ڈاکٹر سید علی نقی کا تعلیمی و سائنسی پس منظریاد رہے کہ ڈاکٹر سید علی نقی امریکہ منتقل ہونے سے قبل لاہور کے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی (GCU) اور ایچی سن کالج سے وابستہ رہے اور تدریسی خدمات انجام دیتے رہے۔ بعد ازاں انہوں نے امریکہ میں کیمسٹری کے شعبے میں پی ایچ ڈی کی اور تحقیق و سائنس کے میدان میں متعدد ایجادات اور تحقیقی کام کیے۔وہ Avlon Industries کے مالک اور چیئرمین ہیں اور کاروباری و سائنسی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ پاکستان میں تعلیمی اور فلاحی منصوبوں کی بھی معاونت کرتے ہیں۔ ڈاکٹر سید علی نقی کے امریکن سیاست دانوں کے ساتھ بھی قریبی تعلقات ہیں وہ ہیلری کلنٹن، سابق صدر اوبامہ اور سابق صدر الگور کو بھی سپورٹ کرتے رہے ہیں۔