Sat, September 19, 2026 11:18 pm

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 11 دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز کی جانب سے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ذرائع کے مطابق پنجگور اور چاغی میں مختلف کارروائیوں کے دوران فتنہ الہندوستان کے 11 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے۔ سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پنجگور کے علاقے گوارگو میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔کارروائی کے دوران ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس کے علاوہ چاغی کے علاقوں امین آباد اور سیاہ چنگ میں بھی دہشتگردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں کی گئیں۔ آپریشنز کے دوران 6 دہشتگرد ہلاک ہوئے جبکہ ان سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔ دہشتگردوں کے خلاف یہ کارروائیاں آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔