Thu, September 17, 2026 2:59 pm

سعودی حملوں میں شہری ہلاک اور مواصلاتی ٹاورز تباہ ہوئے، حوثیوں کا بڑا دعویٰ

صنعا: یمن میں سعودی فضائی حملوں کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا ہے۔حوثی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی جنگی طیاروں نے صوبہ تعز میں تین ٹیلی کمیونیکیشن ٹاورز کو بھی نشانہ بنایا۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حوثیوں کے زیر انتظام المسیرہ ٹی وی نے بتایا کہ تعز میں تین ٹیلی کمیونیکیشن ٹاورز پر حملے کیے گئے۔حوثی میڈیا کے مطابق صوبہ حجہ کے شہر عبس میں بھی فضائی حملے کیے گئے، جن کے نتیجے میں ایک شہری جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوا۔رپورٹ میں حملوں کی مزید تفصیلات، نقصان کی مجموعی نوعیت یا سعودی عرب کی جانب سے فوری ردعمل کے بارے میں معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔ یمن میں یہ کارروائیاں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر برقرار ہے۔ تازہ حملوں سے خطے میں جاری فوجی تناؤ اور یمن میں شہریوں کے تحفظ سے متعلق خدشات مزید نمایاں ہوگئے ہیں۔