وزیراعظم ٹاسک فورس برائے بحری اصلاحات کے تحت پورٹ قاسم کی کارکردگی میں نمایاں بہتری سامنے آئی ہے اور کارگو ہینڈلنگ میں بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔پورٹ قاسم کی کارگو ہینڈلنگ 45 ملین ٹن سے بڑھ کر 47 ملین ٹن تک پہنچ گئی ہے، جبکہ بحری راستوں میں مطلوبہ گہرائی برقرار رکھنے کے لیے مسلسل ڈریجنگ کا عمل بھی جاری ہے۔علاوہ ازیں بہتر پورٹ آپریشنز کے ساتھ کسٹمز کلیئرنس کے نظام میں بھی اہم اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں۔ پورٹ قاسم پر فیس لیس کسٹمز اسیسمنٹ سے شفافیت میں اضافہ اور کلیئرنس کا عمل مزید مؤثر ہوا ہے۔فیس لیس اسیسمنٹ کے بعد فی گڈز ڈیکلریشن ریونیو کلیکشن 6.8 ملین سے بڑھ کر 7.9 ملین روپے ہو گئی ہے۔ اصلاحات کے مثبت نتائج کے باعث پورٹ قاسم کی عالمی سطح پر کارکردگی میں بھی نمایاں بہتری سامنے آئی ہے۔ورلڈ بینک کے کنٹینر پورٹ پرفارمنس انڈیکس میں پورٹ قاسم کو گزشتہ 5 سال میں دنیا کی پانچویں سب سے زیادہ بہتر ہونے والی بندرگاہ قرار دیا گیا ہے۔ بہتر پورٹ آپریشنز، شفاف نظام اور صنعتی روابط سے پورٹ قاسم پاکستان کی تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی سرگرمیوں کا اہم مرکز بن رہا ہے۔