کسی شہری کو ایف آئی آر اندراج میں بلاوجہ تاخیر یا مشکلات نہیں ہونی چاہییں، وفاقی وزیر داخلہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ کسی شہری کو ایف آئی آر اندراج میں بلاوجہ تاخیر یا مشکلات نہیں ہونی چاہییں۔وفاقی دارالحکومت میں تھانوں کی حالت بہتر بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس حوالے سے تھانہ آبپارہ کی اپ گریڈیشن مکمل ہونے کے بعد وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تعمیر نو کا افتتاح کردیا۔ وزیر داخلہ نے تھانے کے مختلف حصوں کا دورہ کرکے شہریوں کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔وفاقی وزیر داخلہ نے ایس ایچ او آفس، ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی، انکوائری آفس، ویٹنگ ایریا اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے تھانے کے مختلف کاؤنٹرز پر شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا بھی جائزہ لیا اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔محسن نقوی نے ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کی اور کمیٹی کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کا مقصد عوام کو جدید، باوقار اور عوام دوست پولیسنگ کا ماحول فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سائلین کی داد رسی کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔وفاقی وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ سائل کی درخواست پر ہر صورت کارروائی یقینی بنائی جائے۔ کسی شہری کو ایف آئی آر کے اندراج میں بلاوجہ تاخیر یا مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔ تھانے آنے والے شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور ذمہ دارانہ رویہ اپنایا جائے۔اس موقع پر وزیر داخلہ کو تھانہ آبپارہ کی اپ گریڈیشن سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔ انہوں نے شہریوں کے لیے سہولتوں کی فراہمی اور پولیسنگ کے نظام کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔ آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈی آئی جی، ایس ایس پی آپریشنز اور دیگر پولیس افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔