کراچی: گھریلو تنازع پر خاتون کے قتل کیس میں اہم پیشرفت، شوہر گرفتار

کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں خاتون مصباح کے قتل کے کیس میں پولیس نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے اس کے شوہر سلمان کو گرفتار کر لیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق یہ واقعہ 12 جون کو سرجانی ٹاؤن سیکٹر 11-D میں پیش آیا تھا جہاں مصباح کو اس کے والدین کے گھر میں فائرنگ کرکے قتل کیا گیاتحقیقات کے مطابق گرفتار ملزم سلمان نے گھریلو تنازع کے باعث اپنے چار نامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ مبینہ طور پر مقتولہ کے گھر میں گھس کر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں مصباح جاں بحق ہو گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ مقتولہ کے والد ابوبکر کی مدعیت میں سرجانی ٹاؤن تھانے میں درج کیا گیا تھا جس میں شوہر سلمان اور اس کے چار نامعلوم ساتھیوں کو نامزد کیا گیا ہے، مزید تفتیش جاری ہے اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔