خوبانیاں دیکھنے میں چھوٹے آڑو جیسی ہوتی ہے مگر یہ اس سے مختلف پھل ہے۔متعدد غذائی اجزا سے بھرپور یہ پھل صحت کے لیے بہت زیادہ مفید ثابت ہوتا ہے۔اسے کھانے سے نظام ہاضمہ بہتر ہوتا ہے جبکہ بینائی کو بھی فائدہ ہوتا ہے اور یہ تو فوائد کا آغاز ہے۔ویسے تو یہ پھل موسم گرما میں دستیاب ہوتا ہے مگر خوبانی ہر موسم میں خشک حالت میں بھی دستیاب ہوتی ہے۔خشک خوبانی بھی صحت کے لیے مفید ثابت ہوتی ہے، مگر اعتدال میں رہ کر کھانا ضروری ہوتا ہے۔خشک خوبانی کیلشیئم، پوٹاشیم، فاسفورس، وٹامن اے، آئرن اور وٹامن سی سے بھرپور ہوتی ہے، جبکہ اس میں موجود فائبر بھی صحت کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔ہر موسم میں دستیاب اس سوغات کے فائدے اسے استعمال کرنے پر مجبور کردیں گے۔
خون کی کمی سے نجات
خشک خوبانی آئرن کے حصول کا اچھا ذریعہ ہے اور آئرن ایسا غذائی جز ہے جو خون کی کمی یا انیمیا سے لڑنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔روزانہ چند خشک خوبانی کھانے سے جسم کے اندر ہیموگلوبن بننے کا عمل بھی بہتر ہوتا ہے۔ہیموگلوبن ایسا پروٹین ہے جو خون کے سرخ خلیات کو آکسیجن لے جانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
قبض سے نجات دلائے
خشک خوبانی میں پیکٹین اور سیلولوس نامی اجزا ہوتے ہیں جو جلاب جیسا کام کرتے ہیں۔سیلولوس حل نہ ہونے والے فائبر کی طرح کام کرتا ہے جبکہ پیکٹین قبض کے دوان جسم میں پانی کی سطح کو متوازن کرتا ہے۔
نظام ہاضمہ کے لیے مفید
اگر کھانے سے قبل خشک خوبانی کو کھایا جائے تو اس سے کھانا جلد ہضم کرنے میں مدد ملتی ہے۔
جِلد کی صحت کو بھی فائدہ ہوتا ہے
سورج کی شعاعیں، آلودگی اور سگریٹ کے دھواں جھریوں اور جِلد کو نقصان پہنچانے والے ماحولیاتی عناصر ہیں۔مگر اینٹی آکسائیڈنٹس سے بھرپور غذائیں جیسے خوبانیوں کے استعمال سے جِلد کو پہنچنے والے نقصان سے بچنا ممکن ہو جاتا ہے۔اس پھل میں موجود وٹامن سی اور ای بھی جِلد کی صحت کو فائدہ پہنچاتے ہیں۔وٹامن سی سے سورج کی شعاعوں اور دیگر ماحولیاتی عناصر سے جِلد کو پہنچنے والے نقصان کو روکنے میں مدد ملتی ہے۔یہ وٹامن کولیگن نامی پروٹین تیار کرنے کے لیے بھی اہم ہوتا ہے اور یہ پروٹین جِلد کی مضبوطی اور لچک کے لیے اہم ہوتا ہے۔تحقیقی رپورٹس کے مطابق وٹامن سی کے استعمال سے جھریوں سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے۔اس پھل میں موجود بیٹا کیروٹین سورج کی روشنی سے جِلد جلنے جیسے مسئلے سے بچاتا ہے۔
دل کی دھڑکن کو ریگولیٹ کرے
خشک خوبانی کا ایک بڑا فائدہ دل کی دھڑکن کو ریگولیٹ کرنا ہے۔خشک خوبانی جسم کے لیے پوٹاشیم کے حصول کااچھا ذریعہ ہے۔پوٹاشیم ایک منرل ہے جو کہ جسم میں سیال کے توازن کو ریگولیٹ کرتا ہے، جس سے مسلز کے افعال بہتر ہوتے ہیں اور دل کی دھڑکن ریگولیٹ ہوتی ہے۔
بینائی کو فائدہ ہوتا ہے
خوبانیوں میں متعدد ایسے قدرتی مرکبات موجود ہیں جو بینائی کے لیے ضروری ہوتے ہیں۔وٹامن اے رات کے اندھے پن سے بچانے کے لیے اہم ترین ہوتا ہے جبکہ وٹامن ای بینائی کو زہریلے مواد سے تحفظ فراہم کرتا ہے۔اسی طرح بیٹا کیروٹین جسم میں جاکر وٹامن اے میں تبدیل ہو جاتا ہے جبکہ دیگر اینٹی آکسائیڈنٹس قرینے کو عمر بڑھنے سے لاحق ہونے والے نقصانات سے تحفظ فراہم کرتے ہیں۔
پوٹاشیم کا حصول
اس پھل میں پوٹاشیم کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے اور یہ منرل جسم کے اعصابی سگنلز، مسلز کے کھچاؤ اور سیال کے توازن جیسے افعال کے لیے ضروری ہوتا ہے۔پوٹاشیم سے پیٹ پھولنے کے مسئلے سے بچنے میں مدد ملتی ہے جبکہ بلڈ پریشر کو صحت مند سطح پر رکھنا ممکن ہوتا ہے۔ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ پوٹاشیم سے بھرپور غذاؤں کے استعمال سے ہائی بلڈ پریشر کی سطح میں نمایاں کمی آتی ہے جس سے فالج کا خطرہ 24 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔
نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔