گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیرِاعظم پاکستان شہبازشریف سے اپیل ہے کہ گندم کی آزادانہ نقل و حمل کو فوری یقینی بنایا جائے اور خیبرپختونخوا کو ریلیف دیا جائے۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اپنے تازہ بیان میں کہا کہ آئین کے آرٹیکل 151(1) کے تحت پورے ملک میں آزاد اور منصفانہ تجارت کی ضمانت دی گئی ہے، جس پر مکمل عملدرآمد ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے درمیان گندم کی آزاد نقل و حرکت کو یقینی بنانا آئینی اور معاشی تقاضا ہے۔ گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ گندم کی بین الصوبائی نقل و حرکت پر کسی بھی قسم کی مصنوعی پابندیاں شدید تشویش کا باعث ہیں، ایسی رکاوٹیں آئینی ضمانتوں کو کمزور کرتی ہیں اور ذخیرہ اندوزی و منافع خوری کو فروغ دیتی ہیں، ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری مہنگائی اور عوامی مشکلات میں مزید اضافہ کا سبب بنتی ہے۔