پاکستان تحریک انصاف فرانس کی نو منتخب باڈی کے اعزاز میں پاکستان بزنس فورم فرانس کا عشائیہ

پیرس : پاکستان بزنس فورم فرانس کی جانب سے پاکستان تحریکِ انصاف فرانس کی نو منتخب باڈی کے اعزاز میں ایک پروقار عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جس میں پی ٹی آئی فرانس کے نو منتخب صدر چوہدری گلزار، جنرل سیکریٹری ماجد چیمہ سمیت دیگر عہدیداران اور ساتھیوں نے بھرپور شرکت کی۔
پاکستان بزنس فورم فرانس کے عہدیداران حاجی اسلم چوہدری، سردار ظہور اقبال ، یاسر خان ، سلمان اسلم اور صاحبزادہ عتیق نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ تقریب میں پاکستان بزنس فورم فرانس کے عہدیداران، اراکین اور پاکستانی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات بھی شریک ہوئیں۔
اس موقع پر پاکستان بزنس فورم فرانس کی جانب سے پی ٹی آئی فرانس کی نو منتخب باڈی کے عہدیداران کو مبارکباد پیش کی گئی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔ شرکاء نے امید ظاہر کی کہ نئی قیادت فرانس میں تنظیمی امور کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کے ساتھ ساتھ پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کو اجاگر کرنے اور باہمی روابط کے فروغ میں بھی اپنا کردار ادا کرے گی۔
عشائیے کے دوران پاکستان اور فرانس کے درمیان تجارتی و کاروباری تعلقات کے فروغ، پاکستانی کاروباری برادری کو درپیش مسائل، کمیونٹی کے باہمی تعاون اور مختلف سماجی و کاروباری امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مختلف طبقات کے درمیان روابط اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایسی تقریبات اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
تقریب خوشگوار، دوستانہ اور باہمی احترام کے ماحول میں منعقد ہوئی۔ شرکاء نے پاکستان بزنس فورم فرانس کی جانب سے پی ٹی آئی فرانس کی نو منتخب باڈی کے اعزاز میں عشائیے کے انعقاد کو سراہتے ہوئے منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔آخر میں مہمانوں نے پاکستان بزنس فورم فرانس کی جانب سے کیے گئے پرتکلف عشائیے اور پرتپاک میزبانی کو بھی سراہا۔