تاشقند: تاشقند انٹرنیشنل آربیٹریشن سینٹر کے زیر اہتمام منعقدہ نکونوف انٹرنیشنل ٹیک موٹ میں پاکستانی طلباء نے شاندار کامیابی حاصل کر لی۔ اس سلسلے میں طلباء کے وفد نے ازبکستان میں تعینات سفیر پاکستان ایچ ای محمد مدثر ٹیپو سے پاکستانی سفارت خانہ تاشقند میں ملاقات کی۔عالمی سطح کے اس مقابلے میں روس، ہانگ کانگ، بیلاروس، قازقستان سمیت دیگر ممالک کی ٹیموں نے شرکت کی۔ موٹ مقابلے کا محور سائبر سیکیورٹی، مصنوعی ذہانت اور انٹلیکچوئل پراپرٹی جیسے اہم موضوعات تھے، جہاں دونوں اطراف سے گہرے فلسفیانہ دلائل پیش کیے گئے اور پاکستانی طلباء نے سخت مقابلے کے بعد یہ اعزاز اپنے نام کیا۔اس موقع پر ازبکستان میں تعینات سفیر پاکستان ایچ ای محمد مدثر ٹیپو نے کہا کہ پاکستانی طلباء کی یہ کامیابی پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے، ہمارے نوجوانوں نے ثابت کیا ہے کہ وہ جدید ٹیکنالوجی اور قانون کے میدان میں دنیا کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے فاتح ٹیم کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔