سماجی و کاروباری شخصیت جاوید بٹ کی رہائشگاہ پر روح پرور محفلِ نعت کا انعقاد

پیرس:خطۂ پوٹھوہار اور پیرس کی معروف سیاسی، سماجی و کاروباری شخصیت جاوید بٹ کی رہائش گاہ پر ایک پُروقار اور روح پرور محفلِ نعت کا انعقاد کیا گیا، جس میں پیرس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی ممتاز شخصیات، مذہبی و سماجی حلقوں سے تعلق رکھنے والے افراد اور عاشقانِ رسول ﷺ نے بھرپور شرکت کی۔محفل کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں عقیدت و محبت کے پھول نچھاور کرنے کا سلسلہ شروع ہوا۔ پیرس کے معروف نعت خواں حافظ معظم نے اپنی خوبصورت اور دلنشیں آواز میں ہدیۂ نعت پیش کیا، جس سے محفل کا ماحول عشقِ رسول ﷺ سے معطر ہوگیا۔ شرکائے محفل نے حافظ معظم کی نعت خوانی کو بھرپور انداز میں سراہا۔محفل کی رونق میں اس وقت مزید اضافہ ہوا جب پاکستان کے معروف ثنا خواں، مصنف اور شاعر سید الطاف شاہ کاظمی نے اپنے منفرد اور خوبصورت انداز میں ذکرِ مصطفیٰ ﷺ پیش کیا۔ ان کے پُرسوز کلام اور عقیدت بھرے انداز نے حاضرین کو اپنی طرف متوجہ کیے رکھا، جبکہ محفل میں درود و سلام کی صدائیں بھی بلند ہوتی رہیں۔محفل کے اختتام ختم پاک عاصم محسن جاوید بٹ نے پڑھا اور امام مسجد قباء ویلیئرز لابیل حافظ عمران نذر نے خصوصی دعا فرمائی۔ دعا میں پاکستان، امتِ مسلمہ، فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے سلامتی، خوشحالی، اتحاد و اتفاق اور خیر و برکت کی دعا کی گئی۔میزبانِ محفل جاوید بٹ نے محفل میں شرکت کرنے والے تمام معزز مہمانوں، علماء کرام، نعت خواں حضرات، ثنا خواں اور دوست احباب کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ بارگاہِ رسالت ﷺ میں عقیدت و محبت کے اظہار کے لیے منعقد ہونے والی ایسی محافل ہمارے لیے باعثِ سعادت ہیں اور ہمیں چاہیے کہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو بھی محبتِ رسول ﷺ اور اسلامی اقدار سے روشناس کرائیں۔محفل کے اختتام پر شرکائے محفل نے جاوید بٹ کی جانب سے اس خوبصورت اور بابرکت محفل کے انعقاد کو سراہا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ محفل ایک پُرسوز، روحانی اور محبتِ رسول ﷺ سے بھرپور ماحول میں اختتام پذیر ہوئی