لندن: پاشا فاؤنڈیشن سانجھا و سانجھا ویڑہ کے زیرِ اہتمام پریس کانفرنس، مہمانِ خصوصی ایس یو پی کے صدر سید زین شاہ تھے

لندن : پاشا فاؤنڈیشن سانجھا و سانجھا ویڑہ کے زیرِ اہتمام ایسٹ لندن کے ایک مقامی ریسٹورنٹ میں پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس کے مہمانِ خصوصی سندھ یونائیٹڈ پارٹی (ایس یو پی) کے صدر سید زین شاہ تھے۔پریس کانفرنس میں پاکستان پریس کلب لندن کی نمائندگی صدر چوہدری تبریز عورہ، جوائنٹ سیکریٹری صغیر بھٹی، انفارمیشن سیکریٹری قیصر چوہدری، ممبر ایگزیکٹو باڈی محمد اسد نواز اور نائب صدر زین العابدین نے کی۔اس موقع پر ہم نیوز کے بیورو چیف محمد رفیق مغل سمیت دیگر صحافیوں نے بھی شرکت کی اور پریس کانفرنس کی کوریج کی۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سید زین شاہ نے سندھ کی سیاسی، سماجی اور موجودہ صورتحال سمیت مختلف امور پر اظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں اور خصوصاً صحافتی برادری کا اپنے وطن کے مسائل کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوام کے بنیادی حقوق کے لیے آواز اٹھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔پریس کانفرنس کے میزبان پاشا نے شرکت کرنے والے تمام مہمانانِ گرامی اور صحافیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صحافتی برادری کی بھرپور شرکت سے پروگرام کی اہمیت میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے تمام شرکاء کی جانب سے وقت دینے، تعاون کرنے اور پروگرام کو کامیاب بنانے پر خصوصی طور پر اظہارِ تشکر کیا۔پریس کانفرنس کے اختتام پر شرکاء نے مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا، جبکہ صحافیوں نے سید زین شاہ سے سوالات بھی کیے۔