Thu, September 3, 2026 11:51 pm

حور گروپ کے اونر چوہدری محمد عارف کی جانب سے یومِ آزادی کے موقع پر پروقار تقریب، صحافیوں کو خراجِ تحسین

پیرس: پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے سلسلے میں پیرس کی معروف سماجی و کاروباری شخصیت اور حور گروپ کے اونر چوہدری محمد عارف کی جانب سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں صحافیوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔
تقریب کی نظامت کے فرائض راجہ کرامت نے نہایت خوبصورتی اور احسن انداز میں انجام دیے۔ انہوں نے تقریب کے مختلف مراحل کو ترتیب کے ساتھ آگے بڑھایا اور مقررین کا تعارف کروانے کے ساتھ ساتھ موضوع کی مناسبت سے گفتگو کرتے ہوئے شرکاء کو پاکستان کی آزادی اور صحافت کے تاریخی کردار کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا۔ تقریب کے دوران پاکستان کے قیام، تحریکِ آزادی اور قیامِ پاکستان کے لیے برصغیر کے مسلمانوں کی جدوجہد پر روشنی ڈالی گئی، جبکہ موجودہ دور میں میڈیا کی ذمہ داریوں، قومی یکجہتی، مثبت صحافت اور پاکستان کے مثبت تشخص کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔تقریب سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سینئر صحافی اور تجزیہ کار یونس خان نے کہا کہ تحریکِ آزادی کے دوران صحافت نے برصغیر کے مسلمانوں میں سیاسی شعور بیدار کرنے اور انہیں ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے میں انتہائی اہم کردار ادا کیا۔ اس دور کے صحافیوں اور اخبارات نے قائداعظم محمد علی جناحؒ اور مسلم لیگ کے مؤقف کو عوام تک پہنچانے کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کے حقوق کے لیے بھرپور آواز بلند کی۔یونس خان نے مزید کہا کہ آج بھی میڈیا پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے حقائق پر مبنی، ذمہ دارانہ اور مثبت صحافت کو فروغ دے۔ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی صحافی پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے اور پاکستانی کمیونٹی کو متحد رکھنے میں اہم کردار ادا کرے۔
اس موقع پر سینئر صحافی ملک منیر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی آزادی ایک طویل اور تاریخی جدوجہد کا نتیجہ ہے، جس میں سیاسی رہنماؤں، کارکنوں، دانشوروں اور صحافیوں سمیت معاشرے کے مختلف طبقات نے اپنا کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک پاکستانی کمیونٹی کے درمیان ایسی تقریبات کا انعقاد نئی نسل کو پاکستان کی تاریخ، آزادی کی جدوجہد اور قومی اقدار سے جوڑنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ انہوں نے چودھری محمد عارف کو یومِ آزادی کے موقع پر صحافیوں کے اعزاز میں تقریب منعقد کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب کے میزبان چوہدری محمد عارف نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی آزادی کے حصول میں میڈیا اور صحافت کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔ برصغیر کے مسلمانوں کو ان کے حقوق، سیاسی مستقبل اور ایک علیحدہ وطن کی ضرورت سے آگاہ کرنے میں اخبارات اور صحافیوں نے بھرپور کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ تحریکِ پاکستان کے دوران صحافت نے ایک نظریاتی محاذ کے طور پر کام کیا۔ اُس وقت کے صحافیوں نے مشکلات، پابندیوں اور دباؤ کے باوجود مسلمانوں کی آواز کو عوام تک پہنچایا اور انہیں ایک مقصد کے لیے متحد کرنے میں اپنا کردار ادا کیا۔چوہدری محمد عارف نے مزید کہا کہ پاکستان صرف ایک ملک نہیں بلکہ ہمارے بزرگوں کی بے مثال قربانیوں، جدوجہد اور خوابوں کی تعبیر ہے۔ ہمیں آزادی کی قدر کرتے ہوئے اپنے ملک کی ترقی، خوشحالی، استحکام اور مثبت تشخص کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔تقریب کے اختتام پر چوہدری محمد عارف نے شریک صحافیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صحافت ایک ذمہ دار شعبہ ہے اور صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی صحافیوں کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جانا چاہیے، خصوصاً وہ صحافی جو دیارِ غیر میں رہتے ہوئے اپنی کمیونٹی کے مسائل کو اجاگر کررہے ہیں

خاص خبریں