اوسلو : سفارت خانہ پاکستان اوسلو جمعۃ المبارک یومِ آزادی کے حوالے سے پروقار پروگرام کا اہتمام کیا گیا، پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر سفارت خانہ پاکستان ناروے میں پرچم کشائی کی ایک نہایت پروقار رنگا رنگ اور پُرجوش تقریب کا انعقاد ہوا،
سفیرِ پاکستان ناروے عاصم علی خان نے قومی ترانے کی دھن پر سبز ہلالی پرچم بلند کیا، سفارت خانہ کے تمام سٹاف جبکہ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے مختلف طبقات سمیت ناروے کی مقامی کمیونٹی سیاسی سماجی مذہبی شخصیات فلاحی تنظیموں مساجد کے ذمہ داران میڈیا کے تمام نمائندگان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب كا آغاز باقاعدہ قران مجید فرقان حمید کی تلاوت کے بعد نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے شروع کيا گيا، اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیرِ اعظم پاکستان اور نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔
اپنے خطاب میں سفیرِ پاکستان عاصم علی خان نے کہا کہ 14 اگست محض ایک قومی دن نہیں بلکہ ایک عظیم جدوجہد جو بے مثال قربانی عزم اور امید کی علامت بھی ہے، یہ دن ہمیں ان لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کی ولولہ انگیز قیادت میں ایک آزاد اور خودمختار وطن کے حصول کے لیے لازوال قربانیاں دیں، آج ہم سب اپنے ان بزرگوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے ہجرت کی صعوبتیں برداشت کیں، اپنے گھر بار چھوڑے اور آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لیے ايک آزاد اور مکمل ریاست پاکستان کی بنیاد رکھی۔
سفیرِ پاکستان نے مزید کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ایک ذمہ دار رکن کی حیثیت سے امن ترقی بین الاقوامی تعاون اور کثیرالجہتی نظام کے فروغ میں اپنا مثبت کردار ادا کر رہا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سفیرِ پاکستان نے خطے کی حالیہ پیش رفت اور مکہ معاہدے کے حوالے سے کہا کہ پاکستان نے خطے میں امن و استحکام کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے، انکے مطابق یہ معاہدہ کسی کے خلاف نہیں بلکہ پاکستان اور دوست ممالک کے دفاع امن کے قیام اور خطے میں استحکام کے لیے ایک اہم قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج دنیا میں پاکستان کے مقام اور اسکی پذیرائی میں پاکستانی قوم اور پوری پاکستانی کمیونٹی برابر کی شریک ہے، اندرونِ ملک ہوں یا بیرونِ ملک ہم سب پاکستان کی سالمیت ترقی امن اور خوشحالی کے لیے متحد ہیں۔
تقریب کے اختتام پر جماعت اہلِ سنت ناروے کے امام سید نعمت علی بخاری نے ملک و قوم کی سلامتی ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کروائی۔
خصوصی طور پر آج کے دن ہم اپنے تمام شہداء غازیوں اور افواجِ پاکستان سمیت امن و سلامتی کے لیے خدمات انجام دینے والے تمام اداروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، جنہوں نے اپنے وطنِ عزیز پاکستان کے دفاع اور امن کے لیے لازوال قربانیاں دیں ہیں۔