سعودی عرب نے عمرہ ملٹی پل ویزے جاری کر دیئے، مدتِ معیاد ایک سال ہوگی، حامل افراد 90 دن تک قیام کر سکیں گے

جدہ : سعودی عرب نے اتوار 19 جولائی سے متعدد بار عمرہ ویزے جاری کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے، جن کی مدتِ معیاد ایک مکمل سال ہوگی۔ذرائع کے مطابق متعدد عمرہ ویزے کی مدت ایک سال مقرر کی گئی ہے، جبکہ اس ویزے کے حامل افراد سعودی عرب میں مجموعی طور پر 90 دن تک قیام کر سکیں گے۔یہ مدت ہر سفر کے دوران قیام کے حقیقی دنوں کے حساب سے کم ہوتی جائے گی۔نئے ویزے کے ذریعے زائرین سال کے دوران کئی مرتبہ عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب آ سکیں گے۔اس کے لیے نسک (Nusuk) پلیٹ فارم پر عمرہ بکنگ، خدماتی پیکیج کی خریداری اور فضائی سفر کی بکنگ لازمی ہوگی۔ سعودی عرب کی جانب سے متعدد عمرہ ویزوں کا اجرا عمرہ زائرین کی آمد کے طریقۂ کار کو آسان بنانے کے اقدامات کا حصہ ہے۔تاہم دوسری مرتبہ یا اس کے بعد سعودی عرب آنے کے لیے خدماتی پیکیج خریدنا، نسک ایپ کے ذریعے عمرہ اجازت نامہ حاصل کرنا اور ویزے کے مقررہ ضوابط پر عمل کرنا ضروری ہوگا۔ان ضوابط کے تحت زائرین یکم ذوالقعدہ سے 13 ذوالحجہ کے دوران سعودی عرب میں قیام نہیں کر سکیں گے تاکہ عمرہ ویزے کی مقررہ مدت اور حج سیزن کے انتظامات کو یقینی بنایا جا سکے