گلوبل پاک کشمیر سپریم کونسل کے چیئرمین راجہ سکندر خان کی پاکستان پریس کلب یوکے کے انتخابات میں بطور سرکاری مبصر شرکت

لندن: گلوبل پاک کشمیر سپریم کونسل کے چیئرمین راجہ سکندر خان نے ولسڈن گرین کے پاکستان سینٹر میں منعقدہ ‘پاکستان پریس کلب یو کے’ کے انتخابات میں شرکت کی۔ راجہ سکندر خان کو اس پورے عمل کے لیے سرکاری مبصر مقرر کیا گیا تھا۔ انتخابات کا عمل انتہائی شفاف اور جمہوری انداز میں مکمل ہوا۔ صدر ارشد رچیال، سینئر نائب صدر شیراز خان، نائب صدر ایس ایم عرفان طاہر، نائب صدر عمران راجہ، سیکرٹری جنرل مسرت اقبال، جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر اظہر راجہ، سیکرٹری اطلاعات سرفراز احمد، سیکرٹری مالیات عتیق الرحمٰن چوہدری منتخب ہوئے۔ علاوہ ازیں ایگزیکٹو ممبران میں شکیل انجم، عدیل خان، نواز مجید۔ ساجد عزیز، شمرائز حسین، ابرار مغل، چوہدری محمد الطاف شاہد شامل ہیں۔ اپنی تقریر میں راجہ سکندر خان نے تمام نو منتخب عہدیداران اور ایگزیکٹو ممبران کو مبارکباد پیش کی اور صحافتی برادری کی خدمت اور ‘پاکستان پریس کلب یو کے’ کا وقار بلندیوں تک پہنچانے کے حوالے سے ان کی کامیابی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
راجہ سکندر خان نے ‘پاکستان پریس کلب یو کے’ کے نو منتخب عہدیداران سے یہ بھی درخواست کی کہ وہ آزاد کشمیر میں پیش آنے والے حالیہ افسوسناک پرتشدد واقعات کا جائزہ لیں اور اپنی قلم کی طاقت کے ذریعے وہاں کی صورتحال کو پرسکون کرنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے حکومتِ آزاد کشمیر، حکومتِ پاکستان اور عوامی ایکشن کمیٹی پر زور دیا کہ وہ اس افسوسناک اور سنگین مسئلے کو بات چیت کے ذریعے حل کریں، نہ کہ تشدد یا طاقت کے استعمال کے ذریعے۔