گھانا میں فٹبال میچ کے دوران ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جس نے کھیل سے وابستہ افراد کو غمزدہ کر دیا ہے۔ایک مقامی میچ کے دوران نوجوان کھلاڑی مخالف ٹیم کے گول کیپر سے شدید ٹکر کے بعد جان کی بازی ہار گیا۔اس دل دہلا دینے والے حادثے نے شائقین کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔عینی شاہدین کے مطابق کھیل کے دوران ہونے والی یہ ٹکر نہایت خطرناک تھی جس کے باعث کھلاڑی کو شدید چوٹیں آئیں۔واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل گئی جسے دیکھ کر دنیا بھر کے فٹبال مداح افسردہ اور پریشان ہیں۔اس واقعے پر عینی شاہدین اور سوشل میڈیا صارفین نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ کھیل کے دوران غلطی سے پیش نہیں آیا بلکہ گول کیپر نے جان بوجھ کر مقتول کھلاڑی کو لات ماری۔ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کھلاڑی گیند لے کر گول کی جانب بڑھ رہا تھا کہ گول کیپر نے اسے روکنے کے لیے اچھل کر گردن پر لات ماری جو اس کی موت کا باعث بن گئی۔رپورٹس کے مطابق گھانا فٹبال ایسوسی ایشن اور متعلقہ حکام واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں تاہم گول کیپر کو گرفتار کیے جانے سے متعلق تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔