فیفا ورلڈکپ 2026 کے پہلے میچ میں پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اپنی توقعات کے مطابق کارکردگی نہ دکھا سکے۔ڈی آر کانگو کے خلاف کھیلے گئے اس میچ میں مقابلہ 1-1 سے برابر رہا جس کے بعد تمام تر تنقید کا رخ 41 سالہ کپتان کی جانب ہو گیا۔میچ میں پرتگال نے ابتدا میں برتری حاصل کی جب جواؤ نیویس نے گول اسکور کیا لیکن ٹیم اس برتری کو برقرار نہ رکھ سکی اور پہلے ہاف کے اختتام سے قبل یوآنے ویسا نے گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔رونالڈو نے پورے 90 منٹ میدان میں گزارے مگر نہ کوئی شاٹ آن ٹارگٹ لگا سکے اور نہ ہی کوئی نمایاں موقع پیدا کر سکے بلکہ دو آسان مواقع بھی ضائع کر بیٹھے۔سابق انگلش فٹبالر جے بوتھروئیڈ نے سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ رونالڈو کو اب ابتدائی لائن اپ کا حصہ نہیں ہونا چاہیے بلکہ انہیں بطور سبسٹیٹیوٹ آخری لمحات میں استعمال کیا جانا چاہیے۔ان کے مطابق موجودہ صورتحال میں رونالڈو ٹیم کے لیے فائدے سے زیادہ نقصان دہ ثابت ہو رہے ہیں۔انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ رونالڈو کبھی میسی نہیں بن سکتے، انہیں اب کپتانی چھوڑ دینی چاہیے۔دوسری جانب کوچ روبرٹو مارٹینیز نے اپنے کپتان کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ایسے وقت میں رونالڈو کو میدان سے باہر نکالنا درست فیصلہ نہیں ہوتا جب ٹیم کو گول کی ضرورت ہو۔واضح رہے پرتگال کو اب اگلے میچ میں ازبکستان کے خلاف لازمی کامیابی درکار ہے تاکہ وہ اگلے مرحلے میں رسائی کی امید برقرار رکھ سکے۔