وزیراعلیٰ مریم نواز کے دورہ گجرات یونیورسٹی کے سلسلہ میں اعلیٰ سطحی اجلاس‘تیاریوں کا جائزہ

گجرات:وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے دورہ¿ جامعہ گجرات کے سلسلہ میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد حافظ حیات کیمپس میں ہوا۔اجلاس میں محترمہ مریم نواز شریف کے استقبال کے حوالہ سے مختلف انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے انہیں حتمی شکل دے دی گئی۔اجلاس کی صدارت وائس چانسلر جامعہ گجرات پروفیسر ڈاکٹر ظہور الحق تمغہ امتیاز نے کی۔یاد رہے کہ صوبہ پنجاب میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ و ترقی کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف فقید المثال کارنامے سر انجام دے رہی ہیں۔جامعہ گجرات میں منعقدہ ایک عظیم الشان تقریب میںمحترمہ مریم نواز شریف اعلیٰ سطح پر تعلیم حاصل کرنے والے بہترین کارکردگی اور قابل مثال تعلیمی نتائج کے حامل طالب علموں میں لیپ ٹاپ اور ہونہار سکالرشپ تقسیم کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کریں گی۔جامعہ گجرات میں منعقدہ اجلاس میں رجسٹرار محمد نعیم بٹ،مختلف فیکلٹیوں کے ڈین،انتظامی شعبوں کے ڈائریکٹروں،ٹریژرر، کنٹرولر امتحانات اور اعلیٰ انتظامیہ کے چیدہ عہدیداران نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے دورہ کے حوالہ سے مختلف سطح پر کیے جانے والے انتظامات سے وائس چانسلر کو مفصل آگاہ کیا۔ذرائع کے مطابق جامعہ گجرات میں منعقدہ تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف گوجرانوالہ ڈویژن کی مختلف یونیورسٹیوں کے تقریباً 3000طلبہ میں لیپ ٹاپ اور ہونہار سکالرشپ تقسیم کریں گی۔اس تقریب میں جامعہ گجرات کے 846طلبہ لیپ ٹاپ اور268طلبہ ہونہار سکالرشپ سے مستفید ہوں گے۔تقریب میں صوبائی وزرا،قومی و صوبائی اسمبلیوں کے اراکین،مختلف یونیورسٹیوں کے وائس چانسلر،ضلعی انتظامیہ کے ممتاز عہدیداران،ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے عہدیداران،مختلف یونیورسٹیوں کے طلبا و طالبات و دیگر شریک ہوں گے۔

خاص خبریں