Sat, November 28, 2026 10:54 pm

حکومت نے 25 لاکھ میٹرک ٹن تک گندم درآمد کرنے کی منظوری دے دی

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک میں گندم کی شدیدقلت اور آٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے پیش نظررواں مالی سال 2026-27 کیلیے 25 لاکھ میٹرک ٹن تک گندم درآمدکرنے کی اصولی منظوری دیدی ہے۔ اس سے قبل حکومت نے گندم کی درآمدکی حدصرف 10 لاکھ میٹرک ٹن مقررکررکھی تھی، تاہم سرکاری ذخائر میں موجود گندم کاایک حصہ انسانی استعمال کیلیے غیرموزوں ہونے کاانکشاف ہونے کے بعددرآمدی حد بڑھانے کافیصلہ کیاگیا۔وزارت خزانہ کے مطابق وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے ورچوئل اجلاس میں وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی جانب سے پیش کردہ سمری پر غورکے بعدگندم کی درآمدی حد بڑھانے کی اصولی منظوری دی گئی۔ فیصلے کی حتمی توثیق وفاقی کابینہ سے لی جائیگی۔ملک میں گندم کی قلت کے باعث آٹے کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہواہے۔گندم اور آٹے کی قیمتوں میں حالیہ اضافے اور سرکاری ذخائر سے گندم کے اجرا کی ضرورت کے پیش نظر صوبوں نے اپنی ضروریات کا ازسرنو جائزہ لیتے ہوئے مجموعی درآمدی طلب تقریباً 17 لاکھ میٹرک ٹن تک بڑھا دی ہے جس میں پنجاب کے لیے 9 لاکھ 50 ہزار، سندھ کے لیے ساڑھے 4 لاکھ میٹرک ٹن اور خیبر پختونخوا کیلیے 3 لاکھ میٹرک ٹن شامل ہیں، جبکہ بلوچستان کی ضروریات پاسکو کے دستیاب ذخائر سے پوری کی جائیں گی۔ پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کے مطابق جمعے کو آٹے کی اوسط قیمت 164 روپے فی کلوتک پہنچ گئی، جو گزشتہ قیمت کے مقابلے میں 57 روپے یا 54 فیصد زیادہ ہے،حکومت کی جانب سے گندم کی درآمدکابروقت فیصلہ نہ کیے جانے کے باعث صارفین کو مہنگے آٹے کاسامناکرنا پڑا۔دلچسپ امر یہ ہے کہ حکومت نے ملک میں گندم کی پیداوار 2 کروڑ 97 لاکھ میٹرک ٹن اور سرکاری ذخائر 20 لاکھ ٹن ہونے کے دعوے کیے تھے، تاہم اب ان ذخائر میں موجودگندم کی دستیابی اور معیار پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔ حکام کے مطابق بعض سرکاری ذخائر میں موجود گندم نہ صرف مطلوبہ مقدار میں دستیاب نہیں بلکہ اس کاکچھ حصہ انسانی استعمال کے قابل بھی نہیں،حکومت پہلے ہی 5 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن گندم درآمدکرنے کے عمل میں ہے، جبکہ ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈارکی سربراہی میں قائم گندم قیمتوں کی نگرانی کمیٹی 13 لاکھ میٹرک ٹن درآمدکرنے کی اجازت دے چکی تھی، اب درآمدی حد بڑھاکر 25 لاکھ میٹرک ٹن کرنے سے مزید 19 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن گندم کی درآمدکیلیے ٹینڈرز جاری کرنا پڑسکتے ہیں۔ای سی سی کے مطابق حالیہ دنوں میں گندم اور آٹے کی قیمتوں میں اضافے اورسرکاری ذخائرسے گندم کے اجراکی ضرورت کے پیش نظرصوبوں نے اپنی ضروریات پر نظرثانی کی ہے، جس کے بعدمجموعی درآمدی طلب تقریباً 17 لاکھ میٹرک ٹن تک پہنچ گئی ہے۔نظرثانی شدہ ضروریات کے مطابق پنجاب نے 9 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن، سندھ اورخیبرپختونخوا نے 4 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن درآمدی گندم کی طلب ظاہرکی ہے۔