حکومت سدا نہیں رہتی اور اقتدار سے زیادہ عارضی کچھ بھی نہیں ہے، وزیراعلیٰ پنجاب

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ حکومت سدا نہیں رہتی اور اقتدار سے زیادہ عارضی کچھ بھی نہیں ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے نوجوانوں کے لیے تعلیم، ٹیکنالوجی اور مواقع کی فراہمی کو اپنی حکومت کی پہلی ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر سمیت تمام شعبوں میں فنڈز کی متوازن تقسیم یقینی بنائی جا رہی ہے۔چکوال میں ہونہار طلبہ میں aسکالرشپس اور لیپ ٹاپس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قابلیت کا کوئی صوبہ اور ہنر مندی کی کوئی سرحد نہیں ہوتی، اور خیبر پختونخوا سے آنے والے طلباء کے لیے بھی لیپ ٹاپس اور سکالرشپس موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم کے بغیر قوم ترقی نہیں کر سکتی اور پنجاب واحد صوبہ ہے جو بچوں کی محنت پر انعام دیتا ہے، جبکہ حکومت پنجاب کے بچوں کو عالمی سطح کے مقابلوں کے قابل بنانا چاہتی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبے کے تمام شہروں کے طلبہ ان کے لیے برابر ہیں اور وہ صوبے میں ایسا ماحول چاہتی ہیں جہاں عورت اور مرد دونوں محفوظ ہوں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سکالرشپس اور لیپ ٹاپس کوئی حکومتی احسان نہیں بلکہ طلباء کی محنت کا صلہ ہیں۔مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان کا پہلا خلاباز محمد ذیشان علی ہماری دھرتی کا سپوت ہے جس پر قوم کو فخر ہے۔ تقریب کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے طلباء میں لیپ ٹاپس بھی تقسیم کیے۔

خاص خبریں