وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر کویت میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظفر اقبال نے ڈرون حملے میں زخمی ہونے والے پاکستانی شہری کی عیادت کے لیے ہسپتال کا دورہ کیا۔پاکستانی سفیر نے ہسپتال میں زخمی شہری کی خیریت دریافت کی اور ان کے علاج معالجے سے متعلق ڈاکٹرز سے تفصیلی بریفنگ لی۔ ڈاکٹرز کے مطابق زخمی پاکستانی شہری کی حالت مستحکم ہے اور ان شاء اللہ وہ جلد صحت یاب ہو جائیں گے۔اس موقع پر ڈاکٹر ظفر اقبال نے کویت کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل خالد درج سعد الشریعان سے بھی ملاقات کی۔ لیفٹیننٹ جنرل خالد درج سعد الشریعان نے زخمی پاکستانی شہری کو بہترین ممکنہ طبی سہولیات اور علاج معالجے کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔قبل ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کویت میں پاکستانی سفیر کو ہدایت کی تھی کہ وہ زخمی پاکستانی شہری کی عیادت کریں اور ان کی بہترین طبی نگہداشت اور جلد صحت یابی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات یقینی بنائیں۔