صارفین پر ایک بار پھر بڑا بوجھ ڈالنے کی تیاریاں، بجلی فی یونٹ 2 روپے 88 پیسے مہنگی ہونے کا امکان

بجلی صارفین پر ایک بار پھر بڑا بوجھ ڈالنے کی تیاریاں جاری ہیں جب کہ ملک بھر کے صارفین کیلئے بجلی فی یونٹ 2 روپے 88 پیسے مہنگا ہونے کا امکان ہے۔نیپرا میں ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 2.88 روپے مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی، سی پی پی اے نے اکتوبر کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ درخواست نیپرا میں جمع کر رکھی ہے۔سی پی پی اے نے کہا کہ اکتوبر میں ہائی سپیڈ ڈیزل سے پیداواری لاگت 69 روپے 59 پیسے رہی، فرنس آئل سے گزشتہ ماہ بجلی کی پیداواری لاگت 46 روپے 43 پیسے رہی، اکتوبر میں ایل این جی سے بجلی کی فی یونٹ پیداواری لاگت 28 روپے 74 پیسے رہی۔حکام نے کہا کہ نومبر میں ہائیڈل بجلی کی پیداوار کا حصہ 30.7 فیصد سے کم ہوکر 26.2 فیصد رہ گیا، مقامی کوئلے سے بجلی کی پیداوار کا حصہ 14.8 فیصد سے کم ہوکر 12.7 فیصد رہا، درآمدی کوئلے سے بجلی کی پیداوار کا حصہ 11.4 فیصد سے بڑھ کر 14.6 فیصد رہا، فرنس آئل سے بجلی کی پیداوار میں 140.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔سی پی پی اے حکام نے کہا کہ گیس سے بجلی کی پیداوار کا حصہ 8.3 فیصد سے بڑھ کر 10.1 فیصد ہوگیا، آر ایل این جی سے بجلی کی پیداوار میں 47.9 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، نیوکلیئر بجلی کی پیداوار کا حصہ 16.8 فیصد سے بڑھ کر 19.5 فیصد ہوگیا، ونڈ پاور سے بجلی کی پیداوار میں 80.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔حکام نے کہا کہ سولر بجلی کی پیداوار میں 74.8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ایرانی بجلی کی درآمد کا حصہ 0.4 فیصد سے بڑھ کر 0.5 فیصد ہوگیا، اکتوبر 2026 میں مجموعی بجلی کی پیداوار 10.66 ارب کلو واٹ آور رہی، نومبر میں مجموعی بجلی کی پیداوار 10.74 ارب کلو واٹ آور ریکارڈ کی گئی، بجلی کی مجموعی پیداوار میں ماہانہ بنیادوں پر 0.82 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔