تھری ایم پی او کے تحت کے پی کے میں گرفتاریاں، وفاقی آئینی عدالت نے حکم امتناع میں ترمیم کر دی

اسلام آباد: وفاقی آئینی عدالت نے تھری ایم پی او کے تحت کے پی کے میں گرفتاریوں کے معاملے پر اپنے عدالتی حکم امتناع میں تریم کر دی۔چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت امین الدین خان اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔ عدالت نے پی ٹی آئی کی درخواست منظور کرتے ہوئے 5 نومبر کے حکم امتناع میں ترمیم کر دی۔وکیل بیرسٹر گوہر نے دلائل دیے کہ 5 نومبر کے آئینی عدالت کے حکم سے پشاور ہائیکورٹ کی کارروائی متاثر ہوئی ہے اور وکلاء کی پریکٹس بھی رک گئی ہے۔آئینی عدالت نے ریمارکس دیے کہ عدالت حکم امتناع گورنر راج اور ایم پی او سے متعلقہ معاملات پر تھا، پشاور ہائیکورٹ دیگر آرٹیکل 199 کے مقدمات سن سکتی ہے۔جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ آرٹیکل 245 کی آسان ریڈنگ کے مطابق تو آرٹیکل 199 کے مقدمات نہیں سنے جا سکتے، اگر آرٹیکل 245 کی پلین ریڈنگ پر جائے تو سارا عدالتی سسٹم جام ہو جائے۔عدالت نے پشاور بار کونسل کو فریق بننے کی اجازت دے دی۔بیرسٹر گوہر نے استدعا دی کہ ہمیں تھری ایم پی او تحت بھی ریلیف دیں، ابھی تک خیبر پختوا میں ریویو بورڈ نہیں بنا۔ ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختوا نے بتایا کہ ریویو بورڈ تین ماہ بعد بنے گا۔جسٹس امین الدین خان نے بیرسٹر گوہر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے متفرق درخواستیں پشاور رجسٹری میں دائر کیں، ہمارے پاس آجائیں گی تو دیکھ لیں گے۔وفاقی آئینی عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کر دی۔وفاقی آئینی عدالت کے 5 نومبر کے حکم کے پیش نظر کے پی حکومت نے ایڈووکیٹ جنرل کے پی کے ذریعے جواب جمع کروا دیا۔جواب میں موقف اپنایا گیا کہ پورے صوبے میں، کسی استثنا کے بغیر، سول انتظامیہ کی معاونت کے لیے مسلح افواج کی مسلسل تعیناتی ناگزیر ہے، صوبائی حکومت کا فی الحال کسی بھی ضلع یا علاقے سے مسلح افواج کو واپس بلانے یا ان کی تعیناتی ختم کرنے (ڈی نوٹیفائی کرنے) کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔موقف اپنایا گیا کہ سول انتظامیہ اور صوبائی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انسانی جانوں، سرکاری املاک اور ریاست کی اہم تنصیبات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مسلح افواج کی مسلسل معاونت اور عملی موجودگی کی ضرورت ہے۔وفاقی آئینی عدالت نے پانچ نومبر کے حکم میں کے پی حکومت سے جواب مانگا تھا۔ عدالتی حکم میں کے پی کے سے صوبے میں فوج کی تعیناتی بارے تفصیل مانگی گئی تھی، عدالت نے پوچھا تھا کن اضلاع میں فوج کی ضرورت ہے اور کن اضلاع میں فوج کی ضرورت نہیں رہی۔آئینی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر خان کا کہنا تھا کہ آج آئینی عدالت نے 5 نومبر کے آرڈر میں ترمیم کی ہے، ہمیں عدالت کے آج کے آرڈر سے بھی مایوسی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی لگانا، حکومت ختم کرنا غیر آئینی، غیر جمہوری اقدام ہے۔ خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے خلاف آئینی عدالت میں درخواست دائر کی تھی اور پشاور ہائیکورٹ کا فرض تھا کہ اس پر فیصلہ کرتی۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آج بھی ہم نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ پشاور ہائیکورٹ کو فیصلہ کرنے دیں، پشاور ہائیکورٹ میں تو ابھی درخواست کے قابلِ سماعت ہونے کا بھی فیصلہ ہونا ہے۔